کرپشن اور منی لانڈرنگ کا خاتمہ وزیر اعظم کا مشن ہے،انصر مجید
لاہور(لیڈی رپورٹر) صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل انصرمجید خان نے کہا ہے کہ کرپشن،سائبرکرائم اور منی لانڈرنگ کا خاتمہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔کرپشن کے ناسور نے اس ملک کی جڑیں کھوکھلی کر دی ہیں۔ حکومت معاشی استحکام اور نوکریوں کے مواقع پیدا کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے۔ کرپشن کے خاتمے اور بلاتفریق احتساب کو جہاد اور قومی فریضہ سمجھ کر ادا کر رہے ہیں۔ وزیر محنت و انسانی وسائل پنجاب انصرمجید خان نے مزیدکہاکہ قوم کو کئی نسلوں کی لوٹی ہوئی دولت کو برآمد کرکے دکھائیں گے۔ پاکستان کی سیاسی قیادت اس وقت ملک میں حقیقی تبدیلی لانے کیلئے دن رات کوشاں ہے۔ حکومت کی تمام تر توجہ عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔ انصرمجید خان نے کہاکہ مشکل معاشی حالات کے باوجود حکومتی اقدامات کے نتیجے میں معاشی استحکام آیاہے۔ ملک میں غیرملکی سرمایہ داروں کو ہر طرح کی معاشی سہولت دستیاب ہے۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ چھوٹے تاجروں کیلئے آسانیاں پیداکرکے ملکی معیشت کو مزید مضبوط کرنے کا ایک اہم راستہ ہے۔ سرمایہ کاری کیلئے پاکستان بھارت سے بہتر ملک ثابت ہورہاہے۔ مشکل فیصلوں کے نتائج کے ثمرات جلد عوام تک پہنچیں گے۔