اسلامیہ یونیورسٹی علاقے کی سماجی، معاشی ترقی میں اہم کردار اداکررہی ہے، سمیع اللہ چوہدری

  اسلامیہ یونیورسٹی علاقے کی سماجی، معاشی ترقی میں اہم کردار اداکررہی ہے، ...

  



بہاول پور(بیورورپورٹ)صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور علاقے کی تعلیمی، سماجی اور معاشی ترقی میں انتہائی اہم کردارادا کررہی ہے۔ یہ تاریخی جامعہ بلاشبہ بہاول پور کے عظیم تہذیبی ورثے اور(بقیہ نمبر49صفحہ12پر)

روایات کی امین ہے۔ صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر کے دفتر میں ان سے ملاقات کے موقع پر کیا ہے۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی فاروق اعظم ملک، سمیرا ملک رکن سینڈیکٹ، قیوم اعظم اور طاہر جانباز بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں حالیہ کامیاب داخلہ مہم کو سراہا جس کے نتیجے میں 60,000سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں اور 8,000طلبہ وطالبات کو داخلہ ملا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں تمام شعبوں داخلوں میں اضافہ نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کریگا۔ انہوں نے سلیکشن بورڈ ز کے انعقاد اور 100سے زائد فیکلٹی کی تعیناتی کو بھی سراہا۔ فاروق اعظم ملک نے کہا کہ یونیورسٹی کی جانب سے لودھراں، خانقاہ شریف، یزمان اور لال سوہانرا کے لیے بسوں کے روٹوں کا آغاز بہت خوش آئند ہے۔ بہاو لپور کے اردگرد 60کلومیٹر کے علاقوں میں رہنے والے طلبہ وطالبات جن کا تعلق متوسط گھرانوں سے ہے یہ بس سروس بہت بڑی خوش خبری ہے۔ اس سروس کی بدولت یہ طلبہ شہر میں رہائش اور ہوسٹل کے اخراجات سے بچ گئے ہیں۔ اسی طرح طالبات کے لیے بھی یہ سروس بہت بڑی نعمت ہے کیونکہ وہ اپنی تعلیمی سرگرمیاں مکمل کرنے کے بعدمحفوظ اور آرام دہ ٹرانسپورٹ سروس کے ذریعے اپنے گھروں کو واپس پہنچ جاتی ہیں۔ سمیرا ملک نے جامعہ میں مارکیٹ کے ضروریات سے ہم آہنگ تعلیمی پروگراموں خاص طور پر سول انجینئرنگ اور ماحولیاتی سائنس کے پروگراموں کے آغاز کو قابلِ ستائش قرار دیا۔اس موقع پر وائس چانسلر نے عوامی نمائندوں کی جانب سے یونیورسٹی کی ترقی اور بھلائی کے لیے دلچسپی اور معاونت کو سراہا۔

سمیع اللہ چوہدری

مزید : ملتان صفحہ آخر