چھوٹو گینگ کیخلاف دومقدمات کیس کی سماعت 9دسمبر تک ملتوی
ملتان (خبر نگار خصو صی) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر ایک نے چھوٹو گینگ کے سرغنہ سمیت دیگر ملزمان کے خلاف اغواء برائے تاوان کے دو مقدمات میں گواہوں پر جرح کے(بقیہ نمبر26صفحہ12پر)
لیے سماعت وکلاء کے پیش نہ ہونے پر 9 دسمبر تک ملتوی کر دی ہے۔قبل ازیں فاضل عدالت میں پولیس تھانہ کوتوالی جھنگ کے مطابق زاہد مسعود سمیت تین لوگوں کے اغواء میں ملوث چھوٹو گینگ کے سرغنہ غلام رسول عرف چھوٹو سمیت ملزمان قیصر، عبدالرشید، خالد عرف خالدی، سجاد، اعجاز، اسحاق اور مظفر کے خلاف 2015 میں زیر دفعہ 365اے جو کہ اغواء برائے تاوان ہے، جبکہ دہشت گردی کی دفعہ 7اے ٹی اے بھی شامل کی گئی تھی، ملزمان کے خلاف کل 14 گواہوں کے بیانات قلمبند کیے جاچکے ہیں جبکہ ایک گواہ پر جرح باقی ہے، دریں اثناء پولیس تھانہ بستی ملوک کے مطابق چھوٹو گینگ کے سرغنہ ملزم غلام رسول عرف چھوٹو، اسحاق، خالد عرف خالدی کے خلاف 2013 میں ڈاکٹر خان وزیر، شاہزیب خان اور ان کے ڈرائیور نذیر احمد کو اغواء کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا اور اس میں بھی کل 14 گواہوں کے بیانات قلمبند کرلیے گئے ہیں اور ایک گواہ باقی ہے۔ ملزمان کے خلاف مقدمات کی سماعت نیو سینٹرل جیل میں کی جاتی ہے۔