افتخار علی ملک سارک چیمبر کے صدر، انجینئر دار و خان اچکزئی نائب صدر نامزد

افتخار علی ملک سارک چیمبر کے صدر، انجینئر دار و خان اچکزئی نائب صدر نامزد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (یواین پی)پاکستان نے سینئر تاجر رہنما افتخار علی ملک کو آئندہ دو سالہ مدت 2020-21 کیلئے سارک چیمبر آف کامرس کا صدر اور ایف پی سی سی آئی کے صدر انجینئر داروخان اچکزئی کو نائب صدر نامزد کر دیا۔ افتخار علی ملک 1990 سے اس ایوان سے وابستہ ہیں۔ وہ مسلسل آٹھ سال تک سارک چیمبر کے نائب صدر رہے اور اس وقت سینئر نائب صدر کے عہدے پر فائز ہیں۔ اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے افتخار علی ملک نے کہا کہ سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی صدارت نہ صرف میرے لئے بلکہ پاکستان کے لئے بھی اعزاز کی بات ہے۔ سارک چیمبر ایک سیاسی اور تجارتی بلاک ہے جس کی مجموعی آبادی ایک ارب 70 کروڑ سے زائد ہے جس کے قدرتی اور انسانی وسائل سے ابھی تک بہت زیادہ استفادہ نہیں کیا گیا۔ یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ کہ نجی شعبہ جنوبی ایشیا کی ترقی کا انجن ہے اس لئے سارک ممبر ممالک کی ترقی اور خوشحالی کو نجی شعبے کی ترقی اور فروغ سے الگ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اپنے دور صدارت میں میری ترجیح سارک کو دنیا میں ایک ترقی یافتہ برانڈ کے طور پر متعارف کرانا اور مختصر و طویل مدتی اہداف میں یکطرفہ اور دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کا فروغ ہو گا۔ بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا، نیپال، بھوٹان، مالدیپ، افغانستان اور پاکستان سارک چیمبر کے ممبران ہیں اور تمام ممبر ممالک باری باری عہدہ صدارت سنبھالتے ہیں۔

 78 سالہ افتخار علی ملک 1975 سے تاجر برادری کی سیاست میں سرگرم عمل ہیں اور وہ ایف پی سی سی آئی اور لاہور چیمبر کے صدر کے طور پر خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ انہوں نے متعدد اہم عہدوں پر رہتے ہوئے پوری زندگی خدمت کے جذبہ سے بلا معاوضہ اور بے لوث کام کیا۔ چیئرمین بلڈنگ کمیٹی کی حیثیت سے انہوں نے اسلام آباد میں ڈیڑھ ارب روپے کی لاگت سے سارک چیمبر کی 9 منزلہ عمارت تعمیر کو ممکن بنایا ہے۔ انجینئر دارو خان اچکزئی فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے موجودہ صدر ہیں جنہوں نے تجارت کے فروغ اور تجارتی اداروں اور علاقائی چیمبرز کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اور انہیں بلوچستان میں بزنس کمیونٹی کی ایک مقبول شخصیت کے طور پر جانا جاتا ہے۔

مزید :

کامرس -