پاکستان عالمی حلال فوڈ مارکیٹ کا حصہ بننے کا بھرپوراہل،لاہورچیمبر

  پاکستان عالمی حلال فوڈ مارکیٹ کا حصہ بننے کا بھرپوراہل،لاہورچیمبر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(لیڈی رپورٹر)پاکستان تین کھرب ڈالر سے زائد کی عالمی حلال فوڈ مارکیٹ کا اہم حصہ بننے کی بھرپور صلاحیت اور تمام تر وسائل رکھتا ہے لہذا اس شعبہ پر خاص توجہ دی جائے۔ ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر عرفان اقبال شیخ نے سینئر نائب صدر علی حسام اصغر اور نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد کے ہمراہ ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ عالمی حلال فوڈ مارکیٹ میں بھرپور حصہ حاصل کرنے کی تمام تر صلاحیت کے باوجود پاکستان کا اس تجارت میں حصہ بہت کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حلال مصنوعات کا فروغ ہمارا قومی ایجنڈا ہونا چاہیے، اس سے ہماری برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات قابل فکر ہے کہ بڑے حلال فوڈ ایکسپورٹرز میں کوئی بھی مسلم ملک شامل نہیں ہے البتہ پاکستان عالمی سطح پر حلال گوشت کی برآمدات کی بھرپور اہلیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھوڑی سی کوشش سے پاکستان بآسانی عالمی حلال فوڈ ٹریڈ کا بڑا حصہ بن سکتا ہے اور اس شعبے کی برآمدات کو تین گنا تک بڑھا سکتا ہے۔ عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ عالمی حلال فوڈ مارکیٹ تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بہترین سفارتی پوزیشن،اعلیٰ حلال فوڈ سیکٹر اور وسطی ایشیاء اور مشرق وسطیٰ کے لاکھوں صارفین تک رسائی رکھنے کے باوجود اس شعبے کی عالمی تجارت میں پاکستان کا شیئر بہت کم ہے۔
جبکہ تھائی لینڈ جیسے غیر مسلم ممالک اس شعبے کی برآمدات میں اہم حصہ رکھتے ہیں یہ مسلم ممالک کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم آبادی میں اضافے کے ساتھ ہی عالمی سطح پر حلال فوڈ کی ڈیمانڈ میں بھی اضافہ ہو رہا ہے تاہم حکومت کو اس شعبے کی برآمدات میں اضافے کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر حلال پروڈکٹس کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کر رہا ہے مگر حکومت کو اس سلسلے میں مراعاتی پیکج متعارف کرانا ہوگا تاکہ پاکستان سے معیاری حلال فوڈ کی برآمدات میں اضافہ ہو۔ صدر لاہور چیمبر نے اس شعبے کے ایکسپورٹرز پر زور دیا کہ عالمی مارکیٹ میں جگہ بنانے کیلئے دستیاب مواقع تلاش کریں اور ریسرچ پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے اس شعبے کی حوصلہ افزئی اورتعاون سے حلال فوڈ کی برآمدات کو فوری 10ارب تک بڑھایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ مل کر اس شعبے کی برآمدات میں اضافے کی حکمت عملی وضع کرے۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ حکومت پاکستانی ایکسپورٹر ز کو اپنی مصنوعات متعارف کرانے کیلئے دنیا بھر میں نمائشیں منعقد کرنے میں مدد کرے، ساتھ ہی جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھائے۔

مزید :

کامرس -