پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش ملک بن گیا‘ چیئرمین فیڈمک
لاہور (لیڈی رپورٹر)فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ منیجمنٹ کمپنی (فیڈمک) کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی انتھک کوششوں کے باعث پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری کی ایک پرکشش ملک بن چکا ہے اور توانائی، زراعت، مواصلات، آٹو، کیمیکلز اور ٹیکسٹائل کے شعبوں میں تعاون کی وسیع گنجائش ہے۔ منگل کو یہاں فیڈمک کیمپ آفس میں سرمایہ کاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کی بڑی وجہ سی پیک کے تحت نئے خصوصی اقتصادی زونز خاص طور پر فیڈمک میں سرمایہ کاروں کو مکمل ٹیکس چھوٹ کی فراہمی ہے اور یہ اپنے طور پر بھی صنعتکاروں اور بین الاقوامی کمپنیوں کے لئے بہت بڑی سہولیات اور مراعات کا باعث ہیں۔ خصوصی اقتصادی زون نہ صرف سرمایہ کاروں کے لئے منافع بخش ہیں بلکہ ان میں غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) سے تجارتی خسارے میں کمی اور مقامی معیشت مستحکم ہوتی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ حکومتی اصلاحات سے پاکستان آئندہ سال ٹاپ 80 ممالک میں شامل ہوگا۔ پاکستان کی درجہ بندی میں چھ اشاریوں میں بہتری آئی ہے جن میں کاروبار کا آغاز، تعمیراتی اجازت نامے، بجلی کا حصول، پراپرٹی رجسٹریشن، ٹیکس ادائیگی اور سرحدوں کے آرپار تجارت شامل ہے۔
جس نے پاکستان کو تجارتی اصلاحات کرنے والے دس بڑے ممالک میں شامل کیا ہے۔ اس سے دیگر ممالک کو سی پیک کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ معاشی خودمختاری جامع ترقی کی کلید ہے جسے ماضی میں نظرانداز کیا گیا اور سابقہ حکومتوں کے کمزور موقف اور پالیسیوں کی وجہ سے ملک توانائی کی لاگت میں مسلسل اضافے کا شکار رہا جس نے ملکی اقتصادیاتکو بری طرح متاثر کیا۔ صنعتوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ مقامی صنعت کے فروغ اور مشترکہ منصوبوں کے لئے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔ انہوں نے اس امر کا اعادہ کیا کہ فیڈمک اپنے صارفین کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی تاکہ نہ صرف فیصل آباد بلکہ ملک بھر میں صنعتی انقلاب لایا جا سکے۔ میاں کاشف اشفاق نے ایم 3 انڈسٹریل سٹی اور علامہ اقبال انڈسٹریل اسٹیٹ میں ترقی کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اس کے کیلئے اخراجات کی منظوری دی۔#/s#