کے الیکٹرک اپرنٹس شپ پروگرام کے تحت ٹریننگ کی تکمیل

  کے الیکٹرک اپرنٹس شپ پروگرام کے تحت ٹریننگ کی تکمیل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر) کے الیکٹرک کی جانب سے ملازمین کوتکنیکی تعلیم(skill development)، رہنمائی اور ملازمت کے دوران تربیت فراہم کرنے کے مقصد کے تحت  2017میں شروع کئے گئے دو سالہ اپرنٹس شپ پروگرام کے دوران پہلے بیچ میں 30سے زائد اپرنٹس کو جنریشن، ڈسٹری بیوشن اور ٹرانسمیشن کے شعبوں میں تربیت فراہم کی گئی۔ اس حوالے سے حال ہی میں کے الیکٹرک ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک اکیڈیمی میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اپرنٹس پروگرام کے پہلے بیچ میں 38ڈسٹری بیوشن اپرینٹسیزکو الیکٹرک ٹیکنیشنز کی حیثیت سے کامیاب قرار دیا گیا۔  کے الیکٹرک کے اپرنٹس شپ پروگرام کے تحت متعدداپرنٹس نے انرجی ویلیو چین کے مختلف شعبوں میں کامیابی کے ساتھ تربیت مکمل کرلی ہے۔ اپرنٹس پروگرام میں کامیاب ہونے والے گریجویٹس کو ادارے کے مختلف شعبوں میں نہ صرف مستقل روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے بلکہ یہ گریجویٹس وسیع ترانرجی سیکٹر کیلئے ممکنہ صلاحیتوں سے بھرپور ہیں جنہوں نے مسلسل سرمایہ کاری کے ذریعے ادارے کی ترقی کا بذات خود مشاہدہ کیا ہے۔اس موقع پر ترجمان کے الیکٹرک نے کامیاب اپرنٹس کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ،”کراچی کی بہتری کیلئے کے الیکٹرک کا عزم اور کوششیں بجلی کی فراہمی سے بالاتر ہیں۔ ہم لوگوں میں صلاحیتیں پیدا کر کے اور سماجی و اقتصادی خوشحالی کے ذریعے انہیں قابل بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ یہ پروگرام نوجوانوں کوبا اختیار اور قابل بنانے کے حوالے سے کے الیکٹرک کے کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کی تصدیق کرتا ہے جبکہ بیک وقت ادارے میں انسانی وسائل کو بھی مستحکم بناتا ہے۔اس پروگرام کی کامیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے پاور یوٹیلٹی نے ڈسٹری بیوشن کیلئے 2019-2020کے سیشن کا اعلان کیا ہے جبکہ جنریشن اور ٹرانسمیشن کے شعبوں کیلئے اپرنٹسز کی بھرتیاں پہلے ہی مکمل ہوچکی ہیں۔“کھیلوں کو فروغ دینے، طلباء کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کااظہار ہو یا ان کی جانب سے کی گئی نت نئی کاوشیں،گزشتہ برسوں کے دوران، کے الیکٹرک نے نوجوانوں کو صحت بخش سرگرمیوں میں مشغول رکھنے کیلئے کئی اہم پلیٹ فارم تخلیق کیے ہیں۔ کے الیکٹرک نے این ای ڈی یونیورسٹی میں جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ الیکٹریکل انجینئرنگ لیب قائم کرنے کیلئے شراکت داری کی ہے۔اسی طرح، کے الیکٹرک نے این ای ڈی یونیورسٹی کو پاور سسٹم سمولیٹرفار انجینئرنگ (Power System Simulator for Engineering; PSSE) سافٹ ویئر فراہم کیا ہے تاکہ طالب علموں کو ٹرانسمیشن پلاننگ بہتر طور پر سمجھنے میں مدد مل سکے۔کے الیکٹرک کے جدید اور تحقیق پر مبنی طرز عمل اور اپنے تمام کاروباری معاملات میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال اسے دنیا کی صف اول کی پاور یوٹیلٹی بناتا ہے جس کے ذریعے ملازمین کو سیکھنے کا زبردست اور منفرد پلیٹ فارم میسر آتا ہے۔