اشتیاق بیگ بزنس مینوں کے وفد کے ہمراہ مراکش روانہ ہوگئے
کراچی(اکنامک رپورٹر)پاکستان میں مراکش کے اعزازی قونصل جنرل اور پاک مراکش جوائنٹ بزنس کونسل کے چیئرمین مرزا اشتیاق بیگ ایف پی سی سی آئی کے 25 بزنس مینوں پر مشتمل وفد کے ہمراہ مراکش روانہ ہوگئے۔ وفد کی قیادت ایف پی سی سی آئی کے صدر انجینئر دارو خان اور سینئر نائب صدر ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ کررہے ہیں جبکہ وفد میں پاکستان کے ٹیکسٹائل، ڈینم، چاول، سی فوڈ، اسپورٹس، رئیل اسٹیٹ، فرنیچر، ہوٹل اینڈ ٹورازم سمیت دیگر سیکٹرز کے معروف بزنس مین بھی شامل ہیں جو مراکش فیڈریشن کے اعلیٰ حکام کے علاوہ اپنے مراکشی ہم منصب بزنس مینوں سے بی ٹو بی ملاقات کریں گے۔ وفد کی تشکیل میں مرزا اشتیاق بیگ نے اہم کردار ادا کیا ہے جس کا مقصد پاکستان کی مصنوعات بالخصوص چاول اور مصالحہ جات کی ایکسپورٹ میں اضافہ کرنا ہے۔ وفد کے دورہ مراکش میں پاکستانی سفارتخانے کے تعاون سے ”بریانی فیسٹیول“ کا اہتمام بھی کیا گیا ہے جس میں 250 سے زائد مراکش کے اعلیٰ حکام اور معروف بزنس مینوں کو مدعو کیا گیا ہے جو ”بریانی فیسٹیول“ میں مختلف اقسام کی بریانیوں سے لطف اندوز ہوں گے جس کیلئے پاکستان سے معروف شیف گلزار اور اُن کی ٹیم بھی وفد کے ہمراہ خصوصی طور پر مراکش جائے گی۔