جماعت اسلامی نے خدمت خلق کیلئے مثالی کردار ادا کیا ہے: حافظ نعیم الرحمن 

  جماعت اسلامی نے خدمت خلق کیلئے مثالی کردار ادا کیا ہے: حافظ نعیم الرحمن 

  



کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے کراچی میں عوامی مسائل کے حل اور خدمت خلق کے شعبے میں مثالی اور گراں قدر کردار ادا کیا ہے،، نادرا اور واٹر بورڈ سمیت مختلف حکومتی اداروں کی نا اہلی و ناقص کارکردگی کے خلاف عوامی احساسات و جذبات کی ترجمانی کی ہے، جماعت اسلامی کی پبلک ایڈ کمیٹیاں آج بھی شہر بھر میں سرگرم عمل ہیں، عوام کی ترجمانی اور مسائل کے حل کی جدوجہد جاری رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع شمالی کے تحت جامع مسجد الہدی نارتھ کراچی میں مرکزی تربیت گاہ منصورہ لاہورمیں شریک کارکنان کے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ وہ اقامت دین کی تحریک ہے،اقامت دین کی جدوجہد کرنے والوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے،ہم کسی مسلک یا خاص گروہ کی تحریک نہیں، جماعت اسلامی میں تمام مسالک اور مکاتب فکرکے افراد شامل ہیں، جماعت اسلامی کا ویژن بڑا ویژن ہے، ہم دوسروں کی طرح سیاست نہیں کرتے جس طرح دیگر لوگ ذات برادری، نسلی یا علاقائی بنیاد پر سیاست کرتے ہیں، ہم صرف اللہ تعالیٰ کی طرف بلاتے ہیں،ہمارے پیش نظر وقتی اہداف نہیں بلکہ رسول پاک ﷺکی سب سے بڑی سنت غلبہ دین کی جدوجہد ہے،ہمیں اس جدوجہد کو جاری رکھنا ہے اور لوگوں کو بھی دین کی طرف لانے کی کوشش کرنا ہے، اپنے اپنے حلقوں میں افرادی قوت، ارکان و کارکنان کی صورت میں اضافہ کریں، عوامی مسائل کے حل کے لیے پبلک ایڈ کمیٹی کو مزید فعال اور منظم کریں۔ استقبالیے سے امیر جماعت اسلامی ضلع شمالی محمد یوسف اور سیکریٹری ضلع عرفان احمد نے بھی خطاب کیا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر