معاون اور اصلت کا گھانا کی بندر گاہ تکورڈی کا دورہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاک بحریہ کے بحری جہازوں پی این ایس معاون اورپی این ایس اصلت نے افریقی ممالک میں تعیناتی کے تحت بندرگاہ تکورڈی، گھانا کا دورہ کیا۔ مشن کمانڈر اور کمانڈنگ آفیسرز نے گھانا نیوی چیف اور فلیگ آفیسر فلیٹ سمیت گھانا کے ممتاز حکام سے ملاقات کی۔اس دورے کے دوران پاک بحریہ کے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکس کی ٹیم کے ذریعہ ایک مفت میڈیکل کیمپ بھی لگایا گیا۔اس دور ے کو مقبوضہ کشمیرکی صورتحال کو بھر پور طریقے سے اجاگر کرنے کے لئے بھی استعمال کیا گیا۔ بندر گاہ تکورڈی آمد پر گھانا بحریہ کی جانب سے پاک بحریہ کے بحری جہازوں کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔مشن کمانڈر نے پاک بحریہ کے بحری جہازوں کے کمانڈنگ آفیسر ز کے ہمراہ گھاناکے نیول چیف سے ملاقات کی جو پاکستان نیول اکیڈمی کے فارغ التحصیل ہیں۔ اس کے علاو ہ انہوں نے کمانڈر فلیگ آفیسر فلیٹ، چیف آف تکورڈی ریجن ہیں اور ریجنل ایڈمنسٹریٹرتکورڈی سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران مشن کمانڈر نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی جانب سے بالمعوم گھانا کی عوام اور بالخصوص گھانا کی بحریہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ دونوں ممالک کے حکام نے برادرانہ تعلقات کو مزیدوسعت دینے کا اظہار کیا۔ مشن کمانڈر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور بین الاقوامی سمندر میں امن و استحکام کے قیام کو یقینی بنانے میں پاک بحریہ کے کردار کو اجاگر کیا جس کا میزبانوں نے اعتراف بھی کیا۔خیر سگالی کے طور پر پاک بحریہ کے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکس کی ایک ٹیم کے ذریعے، بندرگاہ کے احاطے میں دو روزہ مفت میڈیکل کیمپ بھی قائم کیا گیا۔ اس کیمپ میں چبیس سو سے زائد مقامی مریضوں کو طبی علاج اور ادویات بھی فراہم کی گئیں۔ کچھ مریضوں کا پاک بحریہ کے جہاز معاون پر علاج کیا گیا، جو کہ جدید طبی سہولیات سے آراستہ ہے۔ پاکستان نیوی کے میڈیکل کیمپ کو مقامی لوگوں نے بڑے پیمانے پر سراہا جس سے زبردست خیر سگالی کا جزبہ بیدار ہوا۔