علی زیدی سابق کپتان سرفراز احمد کی حمایت میں سامنے آ گئے
کراچی(اسٹاف رپورٹر)قومی ٹیم کو آسٹریلیا میں شرمناک شکست کے بعد ہر کوئی ٹیم پر تنقید کر رہا ہے، ٹیم کی بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں دورے کے دوران ناکام رہی، اس دوران وفاقی وزیر علی زیدی سابق کپتان سرفراز احمد کی حمایت میں سامنے آ گئے۔یاد رہے کہ قومی ٹیم کے دورے آسٹریلیا کے لیے حیران کن طور پر وکٹ کیپر بیٹسمین اور سابق کپتان سرفراز احمد کو ڈراپ کر دیا گیا تھا جس کے بعد ہر کوئی اس فیصلے پر تنقید کر رہا تھا۔ اس تنقید میں اب وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی سامنے آئے ہیں جن کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کو ٹی ٹونٹی میں ایک عرصے تک نمبر ون رکھنے والے سرفراز کو چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ اور باولنگ کوچ وقار یونس پسند نہیں کرتے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مرحلے وار ٹویٹ کرتے ہوئے وفاقی وزیرعلی زیدی نے کہاکہ سلیکشن کے بعد قومی ٹیم آسٹریلیا جارہی تھی میں اسی وجہ سے خاموش رہا یہ سمجھ سے بالاتر ہے کہ جس نے پاکستان کو ٹی ٹوینٹی چیمپئن بنایا اسے کرکٹ بورڈ نے ٹیم سے ڈراپ کیوں کردیا؟۔انہوں نے کہاکہ سرفرازکی قیادت میں پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر چیمپئنزٹرافی جیتی وہ پاکستان کے کامیاب ترین کپتانوں میں سے ایک تھے مگر مصباح اور وقار کی جوڑی نے عہدہ سنبھالتے ہی سرفراز کو ڈراپ کردیا۔ سرفرازکیڈراپ ہونے پر ہرکوئی کہہ رہا ہے دال میں کچھ کالاہے، مصباح اور وقار یونس دونوں سرفرازکو ناپسندکرتے ہیں اور ان کی پسند نا پسند کی بھاری قیمت پاکستان کو ادا کرنا پڑی۔علی زیدی نے کہاکہ کرکٹ ٹیموں میں گروپ بندی عام ہے مگر اس پر پردہ ڈال کر رکھا جاتا ہے، کرکٹ بورڈ کی قیادت کو بہت پہلے گروپ بندی روکنی چاہیے تھی مگر افسوس کے اب گروپ بندی شکست سے آشکار ہو گئی۔وفاقی وزیر نے مطالبہ کیا کہ اب وقت ہے کہ ہر سطح پر کڑے اقدامات کیے جائیں اور کرکٹ کو ایک بار پھر سے بہتر بنایا جائے۔