کاشانہ سکینڈل انکوائری کی درخواست، ڈپٹی کمشنر اور ڈائریکٹر بیت المال طلب

کاشانہ سکینڈل انکوائری کی درخواست، ڈپٹی کمشنر اور ڈائریکٹر بیت المال طلب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نامہ نگار خصوصی)لاہورہائی کورٹ نے دارالامان میں بچیوں کے تحفظ اورکاشانہ سکینڈل کی انکوائری کے لئے دائر درخواست پر ڈپٹی کمشنر لاہور اور ڈائریکٹر بیت المال کو 12 دسمبر کو رپورٹ سمیت طلب کر لیا۔جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے اس سلسلے میں دائرمجید الحق کی درخواست پر نوٹس جاری کردیئے ہیں، اس کیس میں کاشانہ سے معطل ہونے والی سپرنٹنڈنٹ افشان لطیف بھی اپنے وکلاء کے ہمرا عدالت میں پیش ہوئیں، فاضل جج نے استفسار کیا یہ خاتون کون ہیں اور کہاں سے ہیں؟درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ یہ وہ خاتون ہے جس نے سارے مبینہ راز بتائے ہیں،جس پر عدالت نے افشاں لطیف سے کہا کہ آپ آئندہ سماعت پر آجائیں ہم آپ کوبھی سنیں گے، درخواست میں چیف سیکرٹری پنجاب، ڈی سی لاہور، ڈائریکٹربیت المال اور افشاں لطیف کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔درخواست گزار نے استدعا کی کہ سابق سپرنٹنڈنٹ کاشانہ افشاں لطیف کے الزامات پر تحقیقات کیلئے کمیٹی بنائی جائے۔لاہور ہائی کورٹ میں پیشی کے بعد کاشانہ کی سابق انچارج افشاں لطیف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے سب جگہ جا کر دیکھ لیا،اپنے ادارے میں بھی شکایت تھی لیکن کسی نے کوئی بات نہ سنی، یہ صرف میرا مسئلہ نہیں ان تمام یتیم لڑکیوں کی بات ہے،تمام تر فورمز پر جانے کے بعد آج عدالت آئیں ہیں،عدالت سے ہی انصاف کی امید ہے،ورنہ تو جہاں بھی شکایت کی کچھ حاصل نہیں ہوا۔
کاشانہ سکینڈل

مزید :

صفحہ آخر -