چیئرمین سعودی شوریٰ کونسل سرکاری دورہ پر آج اسلام آباد پہنچیں گے

    چیئرمین سعودی شوریٰ کونسل سرکاری دورہ پر آج اسلام آباد پہنچیں گے

  



اسلام آباد (این این آئی) سعودی عرب کا پارلیمانی وفد سعودی عرب کی مجلس شوری کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد آل الشیخ کی سربراہی میں (آج) 4 دسمبر2019 کو 3 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے گا۔ سعودی پارلیمانی وفد سپیکر قومی اسمبلی کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہا ہے۔ سعودی پارلیمانی وفد کا حالیہ دورہ سپیکر قومی اسمبلی کی پارلیمانی سفارتکاری کی ذریعے دوست ممالک کیساتھ خوشگوار تعلقات کو فروغ دینے کی کوششوں کے سلسلے کی کڑی ہے۔پاکستان اور سعودی عرب کی پارلیمانوں میں برادرانہ،دوستانہ تعلقات پائے جاتے ہیں اور دونوں نے علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر ہمیشہ پر ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کی پارلیمنٹس میں پارلیمانی سطح پر تعاون فروغ دینے کے لیے اتفاق رائے پایا جاتا ہے اور اس سلسلے میں مفاہمت کی یادداشتیں بھی موجود ہیں۔پاکستان میں اپنے قیام کے دوران مہمان وفد کے اراکین اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کے علاوہ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، وفاقی وزراء اور اپنے پاکستانی ہم منصبوں سے بھی ملاقات کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں باہمی تجارت، دوطرفہ معاشی تعاون اور باہمی دلچسپی کے علاوہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کرے گا۔سعودی عرب کے پارلیمانی وفد کا حالیہ دورہ پاکستان انتہائی اہمیت کا حامل سمجھا جا رہا ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ اس دورے سے دونوں ممالک کے مابین موجود برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہو نگے اور دو طرفہ تعاون کی نئی رائیں کھلیں گی۔ 

چیئرمین سعودی شوریٰ/ دورہ

مزید : صفحہ آخر