پاک فضائیہ کے زیر اہتمام خصوصی افراد کے عالمی دن پر تقریب کاانعقاد
اسلام آباد (این این آئی) خصوصی افراد کے عا لمی دن کے موقع پر پاک فضائیہ نے نورخان آڈیٹوریم، ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا جس میں ائیر مارشل عاصم ظہیر، وائس چیف آف ائیر سٹاف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔تقریب میں پی اے ایف اسپیشل اسکول اسلام آباد کے بچوں نے قومی ترانہ پڑھا اور سٹیج پر مختلف خاکے پیش کئے۔اس موقع پر اس دن کے حوالے سے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان کا خصوصی پیغام بھی سنایا گیا جس میں انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ ان بچوں کی بہتر نگہداشت اور فلاح و بہبود کیلئے کوشاں ہے اور ہمیشہ رہے گی تا کہ اِن بچوں کو وہ تمام بنیادی سہولیات میّسر ہوں جن سے یہ معا شرے کا کارآمد رْکن بن کر نہ صرف ایک خود مختا ر زندگی گزار سکیں بلکہ ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ خصوصی بچوں اور ان کے والدین سے گفتگو کرتے ہوئے مہمان خصوصی ایئر مارشل عاصم ظہیر نے کہا کہ پاک فضائیہ نے ہمیشہ خصوصی افراد کے مسائل کو ہمدردانہ اور ترجیحی بنیادوں پر حل کیا ہے تاکہ وہ عزتِ نفس کے ساتھ بہتر زندگی گزارنے کے اہل ہو سکیں۔ انہوں نے بچوں کے والدین کو یقین دہانی کرواتے ہوئے کہاکہ ان بچوں کو معاشرے کا ایک اہم حصہ بنانے کے لئے پاک فضائیہ ان کے مسائل پر خصوصی توجہ مرکوز رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ 1992ء سے اقوام متحدہ 3دسمبر کو ہر سال خصوصی افراد کے عالمی دن کے طور پر مناتی ہے۔ اس سال اس دن کا موضوع ”2030 کے ترقیاتی ایجنڈے کے مطابق خصوصی افراد اور ان کی قیادت کو مکمل اختیارات دینا اور انہیں برابری کے مواقع فراہم کرنا“ ہے۔ پاک فضائیہ نے ان بچوں کی تعلیم کے لئے پاکستان کے مختلف شہروں میں تیرہ سپیشل سکول قائم کئے ہیں جہاں نہ صرف ان بچوں کو جدید سمعی وبصری آلات کے ذریعے تعلیم دی جاتی ہے بلکہ ان کے والدین کو بھی بہترین رہنمائی فراہم کی جاتی ہے۔
پاک فضائیہ