ڈرگ کمپنیوں کا پارلیمانی کمیٹی کو ادویات کی قیمتوں میں اضافے پر بریفنگ دینے سے انکار
اسلام آباد (آئی این پی) قومی اسمبلی کی ذیلی کمیٹی برائے قومی صحت کو ادویہ ساز کمپنیوں نے قیمتوں میں ا ضافے پر بریفنگ دینے سے انکار کر دیا۔ کمیٹی نے ادویات ساز کمپنیوں کی نمائندہ تنظیم کو آخری موقع دیتے ہوئے دوبارہ طلبی کا نوٹس جاری کر دیا۔ڈریپ حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ 25ادویات ساز کمپنیوں نے وزیر اعظم کے حکم کے بعد قیمتوں میں کمی کی جبکہ15 کمپنیاں قیمتیں کم کرنے سے انکار ی ہیں، ملک میں ویکسین بہت کم مقدار میں بنتی ہیں جبکہ ہمارے مقابلے میں بھارت میں ویکسین کی قیمت کم ہے، ہیپا ٹاٹیٹس ادویات کی قیمتیں بھارت اور بنگلہ دیش کے مقابلے میں بہت کم ہیں۔منگل کو ذیلی کمیٹی کا اجلاس کنونیئرڈاکٹر نثاراحمد چیمہ کی سربراہی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی ارکان کے علاوہ ڈریپ حکام نے شرکت کی۔ ڈریپ حکام نے بتایا کہ پندرہ کمپنیاں قیمتوں میں کمی کے خلاف عدالت میں چلی گئیں اور حکم امتناعی لے لیا۔ رکن کمیٹی رمیش لال نے کہاکہ کسٹم حکام کی ملی بھگت کے ساتھ ان ادویات ساز کمپنیوں نے 50کروڑ روپے کی منی لانڈرنگ کی، شاہین کیمسٹ اور ڈی واٹس والے لوٹ مار کر رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں حکام نے بتایا کہ اس وقت ڈرگ ٹیسٹ لیب لاہور، کراچی، فیصل آباد، میں موجود ہیں۔کمیٹی نے ادویات سازی کمپنیوں کے نمائندہ تنظیم کو دوبارہ طلبی کا نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا۔
ڈرگ کمپنیاں