اب حکومت اپوزیشن کی پچ پرڈٹ کر کھیلے گی، فیاض الحسن چوہان

  اب حکومت اپوزیشن کی پچ پرڈٹ کر کھیلے گی، فیاض الحسن چوہان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 لاہور (آن لائن) صوبائی وزیر برائے اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور سردار عثمان بزدار کی انتھک قیادت میں ملک معاشی خود کفالت کی منازل طے کر رہا ہے اور اس حقیقت کا اعتراف عالمی مالیاتی ادارے بھی کر رہے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم عمران خان اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے ان پر اعتماد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اب حکومت اپوزیشن کی پچ پر ڈٹ کر کھیلے گی۔ انہوں نے کہا کہ مولانا اب صرف سوجی کے حلوے پر گزارہ کریں، نوٹوں کا جلوہ اب انکی قسمت میں نہیں رہا۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ آل شریف کو سیمنٹ بجری کی سڑک اور منی لانڈرنگ اور کرپشن کے ٹھرک نے کہیں کا نہیں چھوڑا۔ پی ٹی آئی حکومت کے پہلے سوا سال میں پنجاب حکومت نے سردار عثمان بزدار کی قیادت میں سینکڑوں ایسے کارنامے سر انجام دیئے ہیں جو شاید صوبے کی تاریخ میں پہلی دفعہ ہوئے ہیں اور یہ کامیابی آل پاکستان لوٹ مار ایسوسی ایشن کے میڈیا سیل سے ہضم نہیں ہو رہی۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے ڈی جی پی آر آفس میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلٰی پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپنی حکومت کے پہلے سال میں سی ایم سیکریٹریٹ کے اخراجات میں ملازمین کی تنخواہوں کے علاوہ ساٹھ فیصد کمی کی ہے۔ سردار عثمان بزدار نے کرپشن اور منی لانڈرنگ کی وجہ سے پنجاب سپیڈ کا نام پانے والے شہباز شریف کے برعکس 2000 سکیورٹی اہلکاران رکھنے کی روش کو ختم کیا اور نہ ہی آٹھ آٹھ کیمپ آفسز رکھے۔ سردار عثمان بزدار نے اپنے سیکیورٹی اخراجات کو 83 کروڑ سے 28 کروڑ پر لا کر قومی خزانے کو 55 کروڑ سالانہ کا فائدہ پہنچایا ہے جبکہ تحائف اور مہمانداری کی مد میں بھی پچھلی حکومت کے برعکس 11 کروڑ سے کم کر کے 3 کروڑ کا بجٹ مختص کیا ہے۔ سردار عثمان بزدار کی قیادت کے پہلے سال میں محرم الحرام میں پہلی دفعہ سو فیصد امن و امان دیکھنے میں آیا۔سٹوڈنٹ یونینز کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سٹوڈنٹ یونینز اگر اخلاقیات اور قانون کے دائرے میں رہیں تو کوئی قباحت نہیں۔ کاشانہ سکینڈل سے متعلق ایک سوال کے جواب میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ مذکورہ خاتون افشاں لطیف کا شوہر نوشاد لطیف شہباز شریف کا کارندہ ہے اور انہوں نے صرف حکومتی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے لیے من گھڑت حقائق کا ڈھونگ رچایا۔ سی ایم آئی ٹی اور متعلقہ محکمے کی دو رپورٹس موصوفہ کے خلاف آ چکی ہیں جو ان کے بیان کیے گئے حقائق کی نفی کرتی ہیں۔
فیاض چوہان

مزید :

صفحہ اول -