ڈیرہ میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن،26 گرفتار
ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ)ڈیرہ پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ اینڈ سٹرائیک اپریشن کے دوران 26مشکوک افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ زیر حراست افراد کے قبضہ سے ناجائز اسلحہ اور منشیات بھی برآمد کی گئی ہے۔ حساس اطلاعات کی بنیاد پر ٹارگیٹڈ سرچ اینڈ سٹرائیک اپریشن کا انعقاد علاقہ یارک، بند کورائی، کلاچی اور چودھوان میں کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ کیپٹن(ر)واحد محمود کی خصوصی ہدایت پر نیشنل ایکشن پلان کے تحت سماج دشمن عناصر اور مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لیے پولیس کا ضلع بھر میں کریک ڈاؤن جاری ہے۔ سرچ اینڈ سٹرائیک اپریشن وسنیپ چیکنگ کی کاروائیوں کا سلسلہ بڑھا دیا گیا ہے۔ سرچ اینڈ سٹرائیک اپریشن کے اس تسلسل میں پولیس، ایلیٹ فورس، بم ڈسپوزل سکواڈ، کھوجی کتے اور لیڈی کنسٹیبلان نے حصہ لیا۔ علاقہ یارک، بند کورائی، کلاچی اور چودھوان کے ٹارگیٹڈ مقامات پر چھاپے مارے اور گھر گھر تلاشی اپریشن کا انعقاد کیا۔ جس کے نتیجہ میں 26مشکوک افراد کو حراست میں لے کر ان کے قبضہ سے ایک عدد کالاکوف، ایک عدد بندوق، ایک عدد پستول اور 18عدد کارتوس برآمد کیے۔ اسی طرح 39مقامات پرسنیپ چیکنگ کی گئی۔جس کے نتیجہ میں 12مشکوک افرادکو حراست میں لے کر ان کے قبضہ سے 02عدد پستول،20عدد کارتوس اور 01اقدام قتل کا مجرم اشتہاری کو گرفتار کیا۔ بدوران سرچ اپریشن 222کرایہ کے مکانات کو چیک کیا جس میں 02مکانات کی سیکیورٹی ایکٹ کے تحت تھانہ میں رجسٹریشن نہ ہونے پر مقدمات درج کیے۔77ہوٹلوں،39بس اڈہ جات اور141سکولوں کی سیکیورٹی چیک کی گئی۔ تھانہ چودھوان اور تھانہ ڈیرہ ٹاؤن میں لاؤڈ سپیکر کے غلط استعمال کرنے پر 02مقدمات درج کرکے ملزمان کو گرفتار کیا۔