ایس ایس پی آپریشن ظہور بابر سے نو تعینات ایس ایچ اوز کی ملاقات
پشاور(کرائمز رپورٹر)ایس ایس پی آپریشن ظہور بابر آفریدی نے نوتعینات شدہ ایس ایچ او ز کے ساتھ خصوصی ملاقات کی ہے، انہوں نے حالیہ تعینات ہونے والے تمام پولیس افسران کو اسٹریٹ کرائمز کے خلاف خصوصی کریک ڈاون کرنے اور منشیات خصوصا آئس اور ہیروئن کیخلاف ہنگامی بنیادوں پر کارروائی کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے پولیس افسران کو شہریوں کے ساتھ ڈیلنگ کو مزید بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ علاقہ میں سرگرم سماج دشمن عناصر، منشیات فروشوں اور دیگر جرائم میں ملوث افراد کی از سر نو فہرستیں مرتب کر نے کی بھی ہدایت کی، ایس ایس پی آپریشن نے قیام امن اورمعاشرے کو منشیات سے پاک کرنے کی خاطر سود خوروں، لینڈ مافیا اور ڈرگ مافیا کے خلاف تین ایم پی او کے تحت کارروائی عمل میں لانے کی بھی ہدایت کی، تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی آپریشن ظہور بابر آفریدی نے حالیہ تعینات ہونے والے ایس ایچ اوز کے ساتھ خصوصی ملاقات کی ہے، ملک سعد شہید پولیس لائن میں ہونے والے میٹنگ کے دوران انہوں نے پولیس افسران کو جرائم پیشہ افراد کے خلاف خصوصی کریک ڈاون کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے پولیس افسران کو مخاطب کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز کے خاتمہ اور قیام امن کی خاطر نئی حکمت عملی طے کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے پولیس افسران کو شہریوں کے ساتھ مناسب رویہ اپنانے اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا، ایس ایس پی آپریشن نے پولیس افسران کو منشیات فروشوں خصوصا ائس اور ہیروئن فروخت کرنے والوں کے خلاف جنگی بنیادوں پر کارروائیاں کرنے کے ساتھ ساتھ لینڈ مافیا، سود خوروں،منشیات ڈیلرز اور سماج دشمن عناصر کے خلاف تین ایم پی او کے تحت کارروائی کرنے کی بھی ہدایت کی، انہوں نے قیام امن کی خاطر منظم کریک ڈاون کی ضرورت پر زور دیا جس کے لئے تمام پولیس افسران کو پندرہ روز ہ ٹاسک حوالہ کر دیا گیا ہے، انہوں نے پولیس افسران کومخاطب کرتے ہوئے واضح کیا کہ سی سی پی او محمد علی گنڈا پور کے کلین اینڈ نیٹ ایڈمنسٹریشن کی پالیسی پر من و عن عمل کیا جائے گا، انہوں نے عوامی مسائل کے حل اور امن و امان کے قیام کی خاطر گشت میں اضافہ اور پولیس افسران کو علاقہ میں موجودگی کو یقینی بنانے کی بھی سختی سے تاکید کی۔