سلیکٹیڈ حکومت عوام سے جینے کا حق بھی چھیننے پر تُل گئی، ڈاکٹر فائزہ رشید
پشاور(سٹی رپورٹر) پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کی رہنما اور سابق ایم پی اے ڈاکٹر فائزہ رشید نے بڑھتی ہوئی مہنگائی کو پی ٹی آئی حکومت کی بہت بڑی نااہلی قراردیا ہے اور کہا ہے کہ سیلیکٹیڈ حکومت عوام سے جینے کا حق بھی چھیننے پر تُلی ہوئی ہے لیکن افسوس کہ“ خلائی مخلوق ”آج بھی نیازی حکومت کی پشت پناہی کررہی ہے اور اس کے ہر جائز وناجائز اقدام کی حمایت کررہی ہے۔ میڈیا سے بات چیت میں ڈاکٹر فائزہ رشید نے کہا کہ نیازی حکومت میں جتنی مہنگائی آئی ہے اس کی مثال پاکستان کی پوری تاریخ میں بھی نہیں ملتی۔ پی ٹی آئی جب سے اقتدار میں آئی ہے عوام پرعرصہ حیات تنگ کیا جارہا ہے لیکن افسوس کہ چند نادیدہ اور عوام دُشمن قوتیں ابھی بھی اس کی حمایت یافتہ ہیں اور عمران نیازی کو عوام کو زندہ درگورکرنے کی کھُلی چھوٹ دے دی گئی ہے۔ لیکن پی پی پی نیازی حکومت کو خبردار کرنا چاہتی ہے کہ فوری طور پر اپنی روش بدلے اور فوری طور پر ہوشربا مہنگائی کنڑول کرنے کے لیے اقدامات کرے ورنہ پی پی پی عوام کو ساتھ لے کر نیازی حکومت کی اینٹ سے اینٹ بجا دے گی اور عوام کی طاقت سے برسراقتدار آکر نیازی حکومت اور اس کے بہی خواہوں سے عوام پر ڈھائے گئے ہر ظلم کا حساب لے گی۔