تبدیلی کے دعویداروں نے عوام کو مہنگائی کے سو ا کچھ نہیں دیا، حافظ حشمت خان
پشاور(سٹی رپورٹر) نائب امیر جماعت اسلامی وسابق صوبائی وزیر حافظ حشمت خان نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کو اونٹ کے منہ میں زیرہ برابر قرار دیتے ہوئے زوردیا ہے کہ نہ صرف عالمی منڈی کے مطابق قیمتوں میں کمی بلکہ اس کا فائدہ عام آدمی تک پہنچانے کے لیے ٹرانسپورٹ کے کرایوں سے لیکرروزہ مرہ کی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی کویقینی بنایا جائے۔ عالمی منڈیوں میں خام تیل کی قیمتوں میں زبردست کمی کے باوجود عوام کو خاطر خواہ ریلیف نہ دینا حکومت کی بدنیتی پر مبنی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کے پندرہ مہینے دور میں ڈالر کی اونچی اڑان، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہر ماہ اضافہ،بجلی، گیس اور روزہ مرہ اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں جبکہ ارب پتی معاشی ماہرین کے آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر مبنی پالیسیوں پر مبنی عالمی اداروں کے فرمائشی اقدامات کی وجہ سے عام آدمی کا جنیا دوبھر ہوچکا ہے، حالیہ چند مہینوں میں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو نہ دینا ظلم ہے،موجودہ حکومت کی تبدیلی کے تمام تر دعوے جھوٹ کا پلندہ،احتساب،بیرون ملک قومی خزانے سے لوٹی ہوئی دولت کی واپسی اور اشرافیہ کیلئے پروٹوکول ختم،وزیراعظم ہاؤس اور گورنرز ہاؤسز میں یونیورسٹیز قائم کرنے جیسے نعرے کھوکھلے ثابت ہوئے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کی تبدیلی نے عوام کو مہنگائی کی سونامی میں غرق کردیا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ مہنگائی کے مارے ہوئے عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کرکے ریلیف دیا جائے۔