کوہاٹ، تاجروں کا ناروے میں قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف مظاہرہ
کوھاٹ (بیورو رپورٹ) ناروے میں قرآن کی بے حرمتی کرنے کے خلاف کوھاٹ تاجران کا احتجاجی مظاہرہ‘ او آئی سی کو ناروے کے خلاف فوری اقدام اٹھانے‘ ناروے سفیر کو ملک بدر کرنے‘ مصنوعات کے بائیکاٹ اور ٹیلی نار سروس ختم کرنے کے مطالبات‘ تفصیلات کے مطابق تاجر ایکشن کمیٹی کوھاٹ کے زیر اہتمام ناروے میں قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے کے خلاف ایک احتجاجی مظاہرہ بازار زرگراں چوک میں کیا گیا جس سے حاجی محمد عابد‘ اسرار شنواری‘ سلیم قریشی‘ عمران خٹک‘ اختر منیر‘ الف نور‘ شاہ نواز خان‘ تنویر شاہ جیالا اور منصور پراچہ نے خطاب کرتے ہوئے اس اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اسے عالم کفر کی مسلمانوں کے خلاف سازش کا حصہ قرار دیا انہوں نے مسلمانوں کی دل آزاری کرنے پر ایسے لوگوں کے خلاف جہاد کو لازمی قرار دیتے ہوئے 70 اسلامی ممالک سے مطالبہ کیا کہ اس واقعے کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے پر خاموشی عالم کفر کی حوصلہ افزائی کے مترادف ہے جبکہ قرآن پر غیرت مسلمان کے ایمان کا تقاضا ہے انہوں نے ناروے سفیر کی ملک بدری اور ٹیلی نار سم کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا اور اس معاملہ پر تمام مسلمانوں کے اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔