موجودہ حکومت کو مزید وقت دینا ملک دشمنی ہے،مولانا گوہر شاہ

موجودہ حکومت کو مزید وقت دینا ملک دشمنی ہے،مولانا گوہر شاہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
چارسدہ (بیو رو رپورٹ )جمعیت علمائے اسلام کے ضلعی امیر اور سابق ایم این اے مولانا سید گوہر شاہ نے کہا ہے کہ آزادی مارچ کے دور رس نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ موجودہ حکومت کو مزید وقت دینا ملک دشمنی ہے۔ ناروے میں قرآن پاک کو جلانے اور بے حرمتی کرنے والے ملعون کو قرار واقعی سزا دی جائے۔مفتی کفایت اللہ پر قاتلانہ حملے میں ملوث عناصر کو بے نقاب کیا جائے۔ وہ دارلعلوم اسلامیہ چارسدہ میں ضلعی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ ا س مو قع پر پارٹی کے دیگر ذمہ داران اور تینوں تحصیلوں کے امراء سمیت کابینہ کے دیگر ممبران بھی موجود تھے۔ اجلا س میں 8دسمبر کو پشاور میں آزادی مارچ پلان سی کے جلسے کے حوالے سے طویل مشاورت ہوئی جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ ضلع بھر کے تمام یونین کونسلوں سے پارٹی کارکن دار العلوم اسلامیہ چارسدہ میں جمع ہونگے جس کے بعد پشاور جلسہ کیلئے جلو س کی شکل میں روانہ ہونگے۔ اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے مولانا سید گوہر شاہ نے ناروے میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی مذمت کی اور کہا کہ آئے روز مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے کے لئے یہودی لابی کی ایماء پر اسلام دشمن قوتیں ایسی مذموم حرکتیں کررہے ہیں۔ انہوں نے ناروے سے فوری طور پر سفارتی اور تجارتی تعلقات ختم کرنے اورملزم لارس کو نشان عبرت بنا نے کا مطالبہ کیا تاکہ آئندہ کوئی مسلمانوں کی دل آزاری کی حرکت نہ کریں۔ انہوں نے مفتی کفایت اللہ پر قاتلانہ حملے میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ مولانا سید گوہر شاہ نے واضح کیا کہ آزادی مارچ کے دورس نتائج برآمد ہو رہے ہیں اور انشاء اللہ بہت جلد موجودہ حکومت سے قوم کو نجات مل جائیگی۔