مولانافضل الر حمن بندوق دوسروں کے کندھوں پر رکھ کر چلاتے ہیں، شوکت یوسفزئی

مولانافضل الر حمن بندوق دوسروں کے کندھوں پر رکھ کر چلاتے ہیں، شوکت یوسفزئی

  



پشاور(سٹی رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان دوسرے کے کندھوں پر بندوق رکھ کر چلاتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان بتائیں کہ انہوں نے اپوزیشن کی کرپشن بچانے کے لیے ان کے ساتھ کیا ڈیل کی ہے؟ غیر قانونی فارن فنڈنگ کی آڑ میں پی ٹی آئی کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے۔ معذور افراد کے لیے آسانیاں پیدا کرنے اور سہولیات دینے کے لیے سپیشل ایجوکیشن کمپلیکس پر150ملین روپے خرچ ہونگے جبکہ معذور ویلفیئر فنڈ میں اضافہ اور طریقہ کار شفاف بنایا جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ محمود خان کے اعلان کے مطابق معذور افراد کا کوٹہ 2سے4 فیصد کرنے کے لیے ایکٹ، لاء ڈیپارٹمنٹ کے پاس پہنچ چکا ہے جبکہ سینئر سٹیزن ایکٹ کے رولز بن رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پر سپیشل ایجوکیشن کمپلیکس پشاور میں تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ڈپٹی سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی محمود جان ممبران صوبائی اسمبلی رابعہ بصری، ولسن وزیر، سیکرٹری سوشل ویلفئیر ادریس خٹک محکمہ کے افسران، بزرگ اور معذور افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں معذور افراد کی تعداد 15 فیصد ہے جو بہت زیادہ ہے اس دن کے منانے کا مقصد معذور افراد سے اظہار یکجہتی اور ان کے حقوق کا تحفظ ہے۔ بدقسمتی سے معذور افراد کو معاشرے میں وہ مقام نہیں ملتا جو ان کا حق ہے ماضی میں حکومتوں نے معذور افراد کے مسائل کم کرنے اور وسائل دینے کے لیے کچھ نہیں کیا ممبران صوبائی اسمبلی سے ملکر معذور افراد کے حقوق کے لیے ایکٹ لانے کے لیے کام کرینگے اور ان کے حقوق کے لیے سفیر بن کر ہر محاذ پر آواز اٹھاؤ گا۔ انہوں نے کہا کہ اس دن کے موقع پر پتہ چلتا ہے کہ معذور افراد کے لیے کتنا کام ہؤا ہے۔ پی ٹی آئی کو تباہ حال معیشت ورثے میں ملی ملکی حالات کی وجہ سے انویسٹر نہیں آ رہے تھے سابقہ حکمرانوں نے ملک کے ساتھ کھلواڑ کیا وزیراعظم عمران خان کے سخت فیصلوں کی وجہ سے ملک دیوالیہ ہونے سے بچ گیا اور معیشت مستحکم ہو رہی ہیں۔اب عوام کو ریلیف بھی ملے گا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ہمارا ملک غریب نہیں ہے تیل، گیس اور پانی سمیت کثیر وسائل ہمارے ملک میں موجود ہیں صرف خیبرپختونخوا میں 32 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے لیکن پی پی پی اور پی ایم ایل این نے کرپشن کی وجہ سے ملک کو 30 ہزارارب روپے کا مقروض کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف جب احتساب کرتی ہے تو اپوزیشن والے کہتے ہیں کہ جمہوریت خطرے میں ہے اور مولانا دھرنا دیتے ہیں احتساب نہیں ہوگا تو ادارے تباہ ہو جائیں گے حکومت فضل الرحمان کے دھرنے کے دباؤ میں نہیں آئے گی۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ فضل الرحمن کا دھرنا اگر کامیاب تھا؟ تو پلان بی اور سی کیوں دیا، دھرنے کو عوام نے مسترد کیا ہے سب کو پتہ ہے کہ اپوزیشن چوروں کا ٹولہ ہے، مولانا کے دھرنے سے سب سے زیادہ فائدہ مودی اور بھارت کو ہؤا کیونکہ اس کی وجہ سے کشمیر کے مسئلہ سے میڈیا کی توجہ ھٹ گئی تھی خود وہ کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رہے لیکن کشمیریوں کے حقوق کے لیے کچھ نہیں کیا۔ صوبائی وزیر نے تقریب میں معذور افراد کے لگائے ہوئے مختلف سٹالز کا بھی دورہ کیا اور معذور افراد کی بنائی ہوئی مختلف اشیاء میں گہری دلچسپی لی۔

مزید : صفحہ اول