انٹر بینک میں کاروبار کے آغا ز پر ہی ڈالر سستا ہو گیا

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن )ملک میں جاری مہنگائی کے باعث عوام شدید پریشانیوں کا شکار ہیں اور جب ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوتاہے تو اس کا براہ راست اثر بھی عوام پر جاتاہے تاہم آج انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں کمی دیکھنے میں آئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق انٹربینک میں کاروبار ی ہفتے کے تیسر ے روز ڈالر کی قدر میں 8 پیسے کمی ہوئی ہے جس کے بعد ڈالر 155 روپے 18 پیسے سے کم ہو کر 155 روپے 10 پیسے پر ٹریڈ کر رہاہے ۔ دوسری جانب سٹا ک مارکیٹ میں بھی مثبت رجحان نے ڈیرہ ڈال لیا ہے جس سے کاروباری افراد پرُ اطمینان دکھائی دیتے ہیں ۔ آج صبح کاروبار کا آغاز ہوا تو 100 انڈیکس 39 ہزار 788 پر تھا تاہم کچھ ہی دیر میں اس میں بہتری آنے کا سلسلہ شروع ہو گیا ۔100 انڈیکس اس وقت 149 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 39 ہزار 937 کی سطح پر پہنچ گیاہے ۔یاد رہے کہ گذشتہ روز اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں پانچ پیسے مزید کمی ہوئی جس کے بعد ڈالر 155.35 روپے میں فروخت ہوا جو کہ اس سے قبل 155.40 روپے میں دستیاب تھا۔