لندن برج پر حملہ کرنے والے دہشتگرد عثمان خان نے اس اقدام سے چند روز پہلے کس چیز کے انجکشن لگوائے؟ انتہائی حیران کن انکشاف منظر عام پر

لندن برج پر حملہ کرنے والے دہشتگرد عثمان خان نے اس اقدام سے چند روز پہلے کس ...
لندن برج پر حملہ کرنے والے دہشتگرد عثمان خان نے اس اقدام سے چند روز پہلے کس چیز کے انجکشن لگوائے؟ انتہائی حیران کن انکشاف منظر عام پر

  



لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) لندن میں دہشت گردی کی واردات کرنے والے 28سالہ عثمان خان کے متعلق تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ اس نے یہ واردات کرنے سے چند روز قبل 1ہزار پاﺅنڈ کے وزن کم کرنے والے انجکشن لگوائے تھے۔ میل آن لائن کے مطابق عثمان خان اس سے قبل بھی جیل میں قید رہ چکا ہے اور ان دنوں لائسنس پر رہا تھا۔ وہ گلوکارہ بیونسے کو بہت زیادہ پسند کرتا تھا جس کے باعث جیل میں اسے ’بیونسے بوائے‘ کہہ کر پکارتے تھے۔ اس نے اپنے ڈاکٹروں کو یہ بھی شکایت کی تھی کہ سکول میں دیگر طالب علم اس کے مذہب اور نسل کی وجہ سے اسے تنگ کرتے تھے۔

رپورٹ کے مطابق 23سالہ ساسکیا جونز اور 25سالہ جیک میریٹ کو قتل کرنے والا عثمان خان 2010ءمیں لندن سٹاک ایکسچینج کو بھی دھماکے سے اڑانے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا، جب اسے گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا گیا اور اسے قید کی سزا ہوئی۔2018ءمیں لائسنس پر رہا ہونے کے بعد اس کا وزن بڑھ کر 114کلوگرام ہو گیا تھاجسے کم کرنے کے لیے اس نے یہ انجکشن لگوائے تھے۔ اس کے موٹاپے کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ ”جب اس کے دو لوگوں کو قتل کرنے کی خبر آئی تو ہمیں شدید جھٹکا لگا۔ وہ اپنی باتوں سے بالکل نارمل لگتا تھا۔ وہ وزن کم کر رہا تھا اور اس میں کافی حد تک کامیاب بھی ہو چکا تھا۔ وہ کہتا تھا کہ جیل کی سزا اس کا ماضی ہے۔ اب وہ نئی زندگی شروع کرنا چاہتا ہے۔ وہ نوکری کی تلاش بھی کر رہا تھا۔“

مزید : برطانیہ