قومی اسمبلی میں موجودہ حکومت کے دور میں حاصل غیر ملکی قرضوں کی تفصیلات پیش
اسلام آباد(صباح نیوز)قومی اسمبلی میں موجودہ حکومت کے دور میں حاصل غیر ملکی قرضوں کی تفصیلات پیش کردی گئیں جبکہ زرِ مبادلہ کے سابقہ اورموجودہ اعداد و شمار بھی پیش کردئیے گئے،2016ء میں پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر23ارب9کروڑ ڈالر سے تجاوز کرگئے تھے،اَب 15 ارب 95 کروڑ 54 لاکھ ڈالر کے ذخائر ہیں۔
محمد افضل کھوکھر کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری خزانہ زین قریشی نے بتایا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے مختلف ممالک اور اداروں سے 18اگست 2018 سے 30ستمبر 2019 تک 10ارب 36 کروڑ 81 لاکھ ڈالر سے زائد کا قرضہ لیا گیا۔ارکان کے ضمنی سوالات کے باوجود پارلیمانی سیکرٹری خزانہ پاکستان کے تمام مجموعی قرضوں میں موجود حکومت کے قرضوں کا حجم بتانے میں ناکام رہے اور کہاکہ بعد میں آگاہ کردوں گا ۔ معین وٹو کے سواب کے جواب میں وزارت خزانہ کی طرف سے قومی اسمبلی کو آگاہ کیا گیاہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت آنے کے بعد سال 2014ء میں زر مبادلہ کے ذخائر 14 ارب 14 کروڑ 11لاکھ ڈالر تھے ،مالی سال 2018 میں زر مبادلہ کے ذخائر 16 ارب 38 کروڑ 36لاکھ ڈالر تھے،جومالی سال 2019 میں کم ہوکر 14 ارب 47 کروڑ 68 لاکھ ڈالر رہ گئے تھے،27 نومبر2019ء تک پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 15 ارب 95کروڑ 54 لاکھ ڈالر تھے ۔ مالی سال 2016 میں پاکستان کے زر مبادلہ کے ذخائر 23 ارب 9 کروڑ ڈالر سے تجاوز کرگئے تھے ۔