گوگل کے بھارتی نژاد سربراہ کی مزید ترقی ہوگئی

گوگل کے بھارتی نژاد سربراہ کی مزید ترقی ہوگئی
گوگل کے بھارتی نژاد سربراہ کی مزید ترقی ہوگئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نیو یارک (ڈیلی پاکستان آن لائن) گوگل کے بھارتی نژاد سی ای او کو پیرنٹ کمپنی الفابیٹ کا بھی چیف ایگزیکٹو آفیسر بنادیا گیا ہے جبکہ کمپنی کے دونوں شریک بانی لیری پیج اور سرجی برین نے بیک سیٹ لے لی ہے۔ سندر پچائی 2004 سے گوگل میں کام کر رہے ہیں ، انہیں 4 سال قبل گوگل کا سی ای او بنایا گیا تھا اور اب انہیں الفابیٹ کا چارج بھی دے دیا گیا ہے ۔
گوگل کے آفیشل بلاگ پر سندر پچائی کی تعیناتی کے حوالے سے ایک بلاگ میں کہا گیا کہ الفابیٹ کے سی ای او لیری پیج اپنے عہدے کو چھوڑ رہے ہیں اور اپنا عہدہ سندر پچائی کے حوالے کر رہے ہیں۔
سرجی برین اور لیری پیج نے لکھا کہ انہوں نے 21 سال قبل جس ادارے کی بنیاد رکھی تھی ، اب وقت آگیا ہے کہ وہ اچھے والدین کی طرح اپنے بچے کو آگے بڑھتا ہوا دیکھیں اور اسے پیار اور مشورہ دیتے رہیں۔
خیال رہے کہ الفابیٹ ان کارپوریٹڈ ایک پیرنٹ کمپنی ہے جس کے زیر سایہ گوگل سمیت درجنوں دیگر کمپنیاں کام کرتی ہیں ۔ سرجی برین اور لیری پیج کے پاس کمپنی کی 51 فیصد ووٹنگ پاور اور شیئرز ہیں ، بیک سیٹ پر جانے کے باوجود دونوں ہی بورڈ میٹنگز اور دیگر امور میں مشاورت کا کام کرتے رہیں گے۔