”شہباز شریف نے یہ کام نہ کیاتو الزامات درست سمجھے جائیں گے“مظہر عباس نے واضح کردیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)تجزیہ کار مظہر عباس نے کہاہے کہ اگر شہباز شریف ڈیلی میل اور برطانوی صحافی کوعدالت میں نہ لیکر گئے تو پھر یہ تصور کیاجائے گا کہ یہ سٹور ی اور الزامات بالکل درست تھے ۔
جیونیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“میں گفتگو کرتے ہوئے مظہر عباس نے کہا کہ کمیشن کو پرویز مشرف کابیان ریکارڈ کرنے کیلئے دبئی جانا پڑے تو اس میں کوئی حرج نہیں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پرویز مشرف کی فوجی خدمات پر کوئی سوال نہیں لیکن دس سال خدمت کرنے کی بات وہ نہ کریں کیونکہ اگر کوئی کسی کے گھر پر قبضہ کرکے گھر کو کتنا ہی اچھا کیوں نہ بنادے ؟قبضہ قبضہ ہی رہتا ہے ۔
مظہر عباس کا کہنا تھا کہ کچھ عرصہ پہلے چیئر مین نیب نے کہا تھا کہ ہوا تبدیل ہورہی ہے لیکن مجھے لگتاہے کہ ہواﺅں نے بھی یوٹرن لے لیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی اخبار کی جانب سے الزامات لگائے جانے پر اگر شہباز شریف اس معاملے کوعدالت میں نہ لیکر گئے تو پھر یہ تصور کیاجائے گا کہ یہ سٹور ی اور الزامات بالکل درست تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کا انتظار رہے گا کہ شہباز شریف ڈیلی میل اور اس کے صحافی کو عدالت میں لے کر کیوں نہیں گئے ؟