حسن نثارکی شہباز شریف کے کیس کی پیشگی ادائیگی اپنی جیب سے کرنے کی پیشکش، مگر کون سا کیس؟ ایسی بات کہہ دی کہ آپ بھی سوچ میں پڑجائیں

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)تجزیہ کار حسن نثار نے کہاہے کہ میں شہباز شریف کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ برطانوی صحافی ڈیوڈ روز پر کیس کرنے کے پیسے مجھ سے ایڈوانس لے لیں، اگر جیت گئے تو واپس کرنا اوراگر نہ جیتے تو معافی مانگ کرواپس کردینا ۔
جیونیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“میں گفتگو کرتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ پرویز مشرف کی بیماری ایک حقیقت ہے ، ان کا بون میرو کا پرانا مسئلہ ہے ، عدالتی کمیشن اگر جاکر ان کا بیان ریکارڈکرلے گاتو کیاہوجائے گا ؟ کمیشن کو بیان ریکارڈ کرنے کیلئے جانا پڑے تو جاناچاہئے ۔
حسن نثار کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کی پریس کانفرنس پر میں کہتا ہوںکہ ڈیلی میل کے جس رپورٹر نے شہباز شریف پر زلزلہ زدگان کی امداد میں خورد برد کاالزام لگایا ، اب وہ شہبازشریف کا مذاق اڑا رہاہے کہ لندن میں آیا ہے تو مجھ پر مقدمہ کیوں نہیں کرتا ؟ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف ڈیوڈ روز کا کچھ کریں ایک چھوٹے درجے کا رپورٹر ہمارے سب سے بڑے صوبے کے حکمران کا مذاق اڑا رہاہے ،اس کا تو کچھ کرو۔ انہوں نے کہا کہ میں شہباز شریف کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ ڈیوڈ روز پر کیس کرنے کے پیسے مجھ سے ایڈوانس لے لیں، اگر جیت گئے تو واپس کرنا اور اگر نہ جیتے تو معافی مانگ کرواپس کردینا ۔ شہبازشریف ڈیوڈ روز کے سامنے تو سرخرو ہوجائیں کیونکہ یہاں تو بغض اور عداوت ہوگی لیکن لندن میں تو کوئی بغض اور عداوت نہیں ہے ۔