11 سالہ گل سما کے مبینہ سنگسار کا معاملہ، بچی کی قبر کشائی کردی گئی، میڈیکل بورڈ نے کیا دیکھا؟ روح کو تڑپادینے والی تفصیلات سامنے آگئیں

دادو (ڈیلی پاکستان آن لائن) سندھ میںکاری قرار دے کر مبینہ طور پر سنگسار کی جانے والی 11 سالہ بچی گل سما کی قبر کشائی کرکے جسد خاکی کے نمونے حاصل کرلیے گئے ہیں۔
دادو میں مبینہ طور پر سنگسار کی جانے والی 11 سالہ گل سما کی قبر کشائی فرسٹ سول جج کی نگرانی میں کی گئی ، میڈیکل بورڈ حیدر آباد کی لیڈی ڈاکٹرنصرت ضیا پر مشتمل ٹیم نے جسد خاکی کے نمونے لیے۔
میڈیکل ٹیم نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بچی کے سر پر گہری چوٹ لگی ہوئی تھی ، اس کے ناک اور چہرے پر بھی زخم کے نشانات تھے۔ بچی کے اوپر پہاڑی تودا گرنے یا پہاڑ کے اوپر سے گرنے کی وجہ سے اس کی موت ہوئی ہوگی، بچی کے جسد خاکی سے نمونے لے لیے گئے ہیں جو لیبارٹری میں بھیجے جائیں گے، رپورٹ 3 سے 4 دن میں آجائے گی جس کے بعد موت کی وجہ کا تعین ہوسکے گا۔