"تیاری کرلی، لاہور کا جلسہ بہت بڑا ہوگا" قمر زمان کائرہ کا دعوی

"تیاری کرلی، لاہور کا جلسہ بہت بڑا ہوگا" قمر زمان کائرہ کا دعوی

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان نے کہا ہے کہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کورونا وائرس کو شکست دے دی ہے۔ پی ڈی ایم کے دوسرے جلسوں کی طرح لاہور کا جلسہ بھی بڑ ا ہوگا۔ 

پی پی رہنما قمرزمان کائرہ نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ کے دیگر جلسوں کی طرح لاہور جلسہ بھی بڑا ہوگا۔ اپوزیشن جماعتیں لاہور جلسے کے لیے تیاری کر لی ہے۔ 

قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ لگتا ہے کہ عمران خان کے ساتھ مل جانے والے تمام افراد کے گناہ دھل گئے ہیں۔ وزیراعظم کا رویہ اور لہجہ نامناسب ہے۔ حکومت کا رویہ تضحیک آمیز ہے۔ ہم حکومت سے کسی رعایت کی توقع نہیں رکھ رہے ہیں۔

رہنما پیپلز پارٹی قمر زمان کائرہ نے کہا کہ حکومت صرف عوامی مسائل حل کرے۔ ادویات کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ کردیا گیا ہے۔ ہم بجلی اور گیس سستی کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آٹا، چینی، ادویات اور تیل پر کمیشن بنایا گیا تھا، اس کا کیا ہوا؟ حکومت کے تمام نوٹسز عوام پر بوجھ  بن کر گرے ہیں۔ نیب کے چیئرمین بھی جاگ جائیں اور حقائق سامنے لائیں۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -