وزیراعظم کا عام آدمی کو چھت دینے کا وعدہ وفا ہونے کے قریب، ایل ڈی اے نےبڑے منصوبے کی منظوری دے دی 

وزیراعظم کا عام آدمی کو چھت دینے کا وعدہ وفا ہونے کے قریب، ایل ڈی اے نےبڑے ...
وزیراعظم کا عام آدمی کو چھت دینے کا وعدہ وفا ہونے کے قریب، ایل ڈی اے نےبڑے منصوبے کی منظوری دے دی 

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی نے 10 ارب روپے کی لاگت سے نیا پاکستان اپارٹمنٹس منصوبے کے پہلے مرحلے میں 4 ہزار رہائشی یونٹ تعمیر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ خریدار کو10فیصد ڈاؤن پیمنٹ دینی پڑے گی جبکہ 80فیصد لاگت بینکوں کی جانب سے ادا کی جائے گی۔

نجی ٹی وی دنیا دنیا نیوز کے مطابق تمام ایسے شہری جنہیں "نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی" اور بینک مارگیج فنانسنگ کی سہولت فراہم کریں گے اپارٹمنٹس خریدنے کے اہل ہوں گے۔ یہ اپارٹمنٹ موضع ہلوکی میں 563 کنال اراضی پر ایک سال میں تعمیر کئے جائیں گے۔ چار منزلہ اپارٹمنٹس کے 125 بلاک تعمیر کئے جائیں گے اور ہر بلاک 32 رہائشی یونٹوں پر مشتمل ہوگا۔ اس میں متعدد مساجد بھی تعمیر کی جائیں گی۔

ایل ڈی اے کی گورننگ باڈی کے ساتویں اجلاس میں 35 ہزار اپارٹمنٹس تعمیر کرنے کے لئے مختص کی جانے والی ساڑھے 8ہزار کنال اراضی پر سڑکیں، واٹر سپلائی و سیوریج سسٹم ، فٹ پاتھ ، واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ اور دیگر انفراسٹرکچر تعمیر کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا اور اس مقصد کے لئے تقریباً 20 ارب روپے کے پی سی ون کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس پراجیکٹ کے لئے مقرر کئے جانے والے فنانشل کنسلٹنٹ اسلم ملک اینڈ کمپنی کی طرف سے ان اپارٹمنٹس کی تعمیر کو قابل عمل منصوبہ بنانے کے لئے پیش کئے جانے والے فنانشل ماڈل کی بھی منظوری دی گئی اور اپارٹمنٹس خریدنے کے خواہشمند افراد کے لئے نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی قومی بینکوں کی طرف سے مارگیج فنانسنگ کی سہولت کی فراہمی کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔

 اپارٹمنٹس خریدنے کے خواہشمند افراد کو صرف 10 فیصد ڈاؤن پیمنٹ کرنا ہوگی جبکہ 80 فیصد لاگت بینکوں کی طرف سے ایسکرو (ESCRO) کے اکاؤنٹ میں منتقل کی جائے گی۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -