"جج ارشد ملک کی موت سے پہلے انصاف کی موت کا جواب دینا ہوگا" مریم نواز کاردعمل

"جج ارشد ملک کی موت سے پہلے انصاف کی موت کا جواب دینا ہوگا" مریم نواز کاردعمل

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے کہا کہ جج ارشد ملک کی موت سے پہلے انصاف کی موت کا جواب بھی دینا ہو گا۔انہوں نے سوال کیا کہ بہت کچھ بتانے کے لئے تیار شخص کی موت کا انتظار کیوں کیا گیا؟

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں جج ارشد ملک کے انتقال پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جج ارشد ملک کی موت سے پہلے انصاف کی موت کا جواب بھی دینا ہو گا۔

مریم نواز نے کہا ہے کہ ارشد ملک اپنے اعتراف اور انکشافات کے ڈیڑھ سال بعد فوت ہوئے اور اس ڈیڑھ سال میں نوازشریف کو انصاف نہ ملنے کا ذمہ دار کون ہے؟

انہوں نے سوال اٹھایا ہے کہ جس کیس میں نوازشریف کو اشتہاری دلانے کی جلدی تھی اس کیس کی سزا سنانے والے جج کے اعتراف پر کوئی ایک دن بھی سماعت کیوں نہیں ہوئی؟

ان کا کہنا تھا کہ تین بار کا وزیراعظم مفرور قرار دے دیا گیا لیکن نواز شریف کے خلاف عدالتی سازش پر کوئی کمیشن کیوں نہیں بنا؟ بہت کچھ بتانے کے لئے تیار شخص کی موت کا انتظار کیوں کیا گیا؟

انہوں نے کہا کہ میرا سادہ سوال یہ ہے کہ انصاف کے قتل کی ذمہ داری کس پر ہے؟ اس سازش کا انکشاف اور اعتراف کرنے والا کردار اب اس دنیا میں نہیں۔ اب یہ مطالبہ زور پکڑے گا کہ آزاد اور بہادر ججوں پر مشتمل  کمیشن اس کی تحقیقات کرے تاکہ عوام حقائق جان سکیں۔ اور وہ دن دور نہیں انشاءاللّہ یہ ہو کر رہے گا۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -