ہجوم سے پریانتھا کمارا کی زندگی کی بھیک مانگنے والےاس شخص کے ساتھ پولیس نے کیا کیا؟
سیالکوٹ (ڈیلی پاکستان آن لائن) جس وقت سیالکوٹ کی فیکٹری میں سری لنکن منیجر پریانتھا کمارا کو قتل کیا جا رہا تھا اس وقت پورے ہجوم میں ایک شخص ایسا بھی تھا جس نے اس کی زندگی بچانے کی کوشش کی لیکن پولیس نے اسے بھی گرفتار کرلیا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق جس وقت ہجوم پریانتھا کمارا پر تشدد کر رہا تھا تو اس وقت ایک شخص ہاتھ جوڑ کر اس کی زندگی کی بھیک مانگ رہا تھا۔ ویڈیو میں اس شخص کی نشاندہی ہونے کے بعد پولیس نے اسے بھی گرفتار کرلیا۔
ٹی وی چینل کا دعویٰ ہے کہ واقعے میں ملوث جتنے بھی افراد گرفتار ہوئے ہیں انہیں سیالکوٹ کے مختلف تھانوں میں رکھا گیا ہے۔ جب پریانتھا کمارا کی زندگی بچانے کی کوشش کرنے والے شخص کی لوکیشن پوچھی گئی تو پولیس حکام نے بتانے سے انکار کردیا۔ اس کے علاوہ پولیس حکام نے یہ بھی نہیں بتایا کہ اسے کیوں گرفتار کیا گیا ہے۔