’درندگی کامظاہرہ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں‘ سیالکوٹ واقعہ پر وزیراعلیٰ پنجاب نے بڑی یقین دہانی کرادی

’درندگی کامظاہرہ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں‘ سیالکوٹ واقعہ پر ...
’درندگی کامظاہرہ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں‘ سیالکوٹ واقعہ پر وزیراعلیٰ پنجاب نے بڑی یقین دہانی کرادی
سورس: File Photo

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہاہے کہ سیالکوٹ میں غیر ملکی شہری کوجلانے کا واقعہ انتہائی دلخراش اور قابل مذمت ہے اور اس دردناک واقعہ پر ہر پاکستانی افسردہ ہے،ذمہ دار عناصر انسان کہلانے کے حقدار نہیں ،ملزمان عبرتناک سزا سے نہیں بچ پائیں گے،انصاف ہر صورت ہوگا اور ہوتا ہوا نظر بھی آئے گا،درندگی کامظاہرہ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں،ملزمان کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا دلائی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ اسلام امن اور آشتی کا دین ہے اوردین اسلام میں تشدد کی کوئی گنجائش نہیں ، سری لنکا کی حکومت ،عوام اور خصوصاً مقتول شہری کےلواحقین سے دلی ہمدردی اورتعزیت کااظہار کرتے ہیں،دکھ کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندان کے ساتھ ہیں،یقین دلاتے ہیں کہ انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں گے اور انصاف ہوگا۔انہوں نے کہاکہ سری لنکا کے عوام اور سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں ، افسوسناک واقعہ کی مذمت کیلئے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں،بربریت کے اس واقعہ سے ہر پاکستانی کا سر شرم سے جھک گیا ہے،حکومت اس ضمن میں اپنی تمام تر ذمہ داریاں پوری کرے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نےکہاکہ ذمہ داروں کےخلاف بلاتاخیر قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے،ملزمان کےخلاف مقدمہ انسداد دہشتگردی کی عدالت میں چلایا جائے گا، پاکستان ہر اس شخص کا ہے جو یہاں بستا ہے،وطن عزیز میں رہنے والا ہر شخص پاکستانی ہے، چاہے اس کا تعلق کسی بھی مذہب،نسل یاطبقے سے ہو، شہریوں کی جان ومال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے، آئندہ ایسے افسوسناک واقعات کے سدباب کیلئے موثر اقدامات کرنے کے لئے ہدایات جاری کردی ہیں۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -