نیشنل پبلک فورم کی  سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کی ہلاکت کی مذمت، انتہا پسندی کے خاتمے کا مطالبہ

نیشنل پبلک فورم کی  سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کی ہلاکت کی مذمت، انتہا پسندی ...
نیشنل پبلک فورم کی  سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کی ہلاکت کی مذمت، انتہا پسندی کے خاتمے کا مطالبہ

  

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن) نیشنل پبلک فورم نے سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے انتہا پسندی کے خاتمے  کا مطالبہ کیا ہے۔ 

  ادارہ منہاج القرآن میں پاکستان عوامی تحریک کے سیکریٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور  کی میزبانی میں بلدیاتی اداروں کی اہمیت اور افادیت   کے موضوع پر نیشنل پبلک فورم کاتیسرااجلاس ہوا جس میں  ضلعی حکومتوں کو جمہوریت کی اصل روح قرار دیا گیا۔اجلاس  میں طے کیا گیا کہ آئندہ اجلاس میں صوبائی حکومتوں کی جانب سے ملک میں متعارف کرائے گئے تمام لوکل باڈیز ایکٹ کا تقابلی جائزہ لیا جائیگا۔

اجلاس میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب منظور احمد وٹو ،سینئر صحافی مجیب الرحمان شامی،  حفیظ اللہ نیازی، مظہر علی خان، ڈاکٹر امان اللہ ملک، ڈاکٹر سرفراز احمد وڑائچ، محمد خالد اعرابی جسٹس (ر)  رانا محمد ارشد،امجد وڑائچ، خالد فاروقی، جاوید فاروقی، ہمایوں سلیم  اورمحمد نوشادعلی  شریک ہوئے۔

فورم سے خطاب کرتے ہوئے کالم نگار افتخار حسین شاہ نے کہا کہ  کسی بھی ملک کی جمہوریت کی اصل بنیاد مقامی حکومتیں ہیں لیکن بد قسمتی سے ہمارے ملک میں اِک عرصے سے بلدیاتی ادارے وجود نہیں رکھتے۔ پاکستان کے اقتدار پر قابض طاقتور لوگ نہیں  چاہتے کہ اختیارات عوام کے پاس جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ  لوکل باڈیز ایکٹ میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کی شق بلدیاتی انتخابات سے راہِ فرار اختیار کرنے کیلئے ڈالی گئی ہے۔

اجلاس کے شرکا نے مختلف قرارداد وں کے ذریعے بلدیاتی انتخابات کے فوری انعقاد،  لوکل باڈیزکو آئینی تحفظ  مہیا کیے جانے ، اُن کیلئے فنڈز کا اجرااور اختیارات کی  منتقلی  کیساتھ ساتھ اِن  کا تسلسل یقینی بنانے کی ضروررت پر زور دیا۔ اجلاس میں متفقہ طور پر  سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کی  انتہا پسندوں کے ہاتھوں ہلاکت کے واقعے کی شدید مذمت کرتےہوئے معاشرے میں شدت پسندی کے رجحان کے خاتمے کیلئے تمام ضروری اقدامات لیے جانے پر زور دیا گیا۔

شرکاءنے ملک میں جاری مہنگائی کی لہر پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے اسے کنٹرول کرنے کیلئے تمام ضروری اقدامات فوری اٹھانے کا مطالبہ بھی کیا۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -