راولپنڈی ٹیسٹ ، پاکستان کو فتح کیلئے ایک روز میں کتنے رنز درکار ہیں ؟

راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) 17 سال بعد دورہ پاکستان پر آئی انگلش ٹیم نے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو فتح کیلئے 343 رنز کا ہدف دیا ، کھیل کے چوتھے روز کے اختتام پر قومی ٹیم نے دو وکٹوں کے نقصان پر 80 رنز بنا لئے ۔
راولپنڈی ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل ہو گیا ، قومی ٹیم کو ایک روز میں 8 وکٹوں پر 263 رنز درکار ہیں ، امام الحق 43 اور سعود شکیل 24 رنز کے ساتھ کریزپر موجود ہیں ۔
چوتھے روز کا کھیل پاکستان نے 499 رنز 7 وکٹ سے آگے بڑھایا جہاں آغا سلمان 53 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے ، زاہد محمود نے 17 ، حارث رؤف نے 12 رنز بنائے ۔اس طرح قومی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 579 رنز بنائے ۔ انگلینڈ نے 78 رنز کی برتری کیساتھ دوسری اننگز کا آغاز کیا تمام کھلاڑیوں نے تیزی سے رنز میں اضافہ کیا ، بین ڈکٹ صفر ، اولی پوپ 15 ، زیک کراولی 50 ، جو روٹ 73 رنز جبکہ کپتان بین سٹوکس بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے ۔ ول جیکس 24 رنز ، ہیری بروک 87 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ انگلینڈ نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کر دی ۔