نگراں حکومت کا مینڈیٹ صاف شفاف انتخابات کروانا ہے ، سرفراز بگٹی 

نگراں حکومت کا مینڈیٹ صاف شفاف انتخابات کروانا ہے ، سرفراز بگٹی 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

  

کوئٹہ(آن لائن)نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ نگراں حکومت کا مینڈیٹ صاف شفا ف انتخابات کروانا ہے، ہم اس ضمن میں الیکشن کمیشن کی ہرطرح سے مدد کر رہے ہیں تاکہ ملک کی باگ ڈور آئندہ منتخب حکومت کے سپرد کی جاسکے۔تفصیل کے مطابق آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین( سی بی اے) کے زیر اہتمام ایک روزہ کانفرنس بموضوع" ادارے کی تعمیر و ترقی، صارفین کی بہتر سے بہتر خدمت کرنے اور ورکرز کے انسانی بنیادی حقوق پر عملدرآمد کے سلسلے میںایئرپورٹ روڈ شیخ ماندہ ریسٹ ہاﺅس کے سبزہ زار پر منعقد ہوا۔ کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے کہا نگراں حکومت جب 15 اگست 2023 کو قائم ہوئی تو اس وقت ملک کی معیشت دلدل میں پھنسی ہوئی تھی، اداروں کی کارکرگی پر سوالات تھے، نگراں حکومت کے آتے ہی اپیکس کمیٹی کی میٹنگز میں نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ اور ان کے ساتھ تمام اداروں کی باہمی کوششوں سے معیشت کو درپیش مسائل کی نشاندہی کی گئی کیونکہ آج کے دور میں جنگوں میں ایک دوسرے کو شکست دیا جانا مشکل ہے لیکن معاشی میدان میں بد حالی او ر زبو حالی سے ملک کی سالمیت کو نقصان پہنچ جاتا ہے۔ نگراں حکومت نے امن و امان کی بحالی، دہشت گردی کی روک تھام ، غیر قانونی تارکین وطن کو اپنے ملکوں میں بھیجنے، ڈالر کی اڑان ، سمگلنگ اور غیر دستاویزی معیشت پر قدغن لگانے کے طریقوں پر عمل کے ساتھ ساتھ بجلی اور گیس کی چوری اور ریکوری اہداف کے حصول کیلئے بھی انتھک محنت سے کام کیا ہے۔ اس سلسلے میں نگراں حکومت کو سخت اقدامات کرنے پڑ رہے ہیں لیکن ملک کیلئے اور کوئی چوائس نہیں تھی کہ ہم سخت فیصلے کرکے ملک کی معیشت کو بحال کر یں جس کے بعد عوام الناس کی خوشحالی کیلئے اقدامات اٹھائے جاسکے۔نگراں حکومت کا مینڈیٹ بروقت صاف شفاف الیکشن کروانا ہے اور اس سلسلے میں ہم الیکشن کمیشن کی ہر طریقے سے مدد کر رہے ہیں تاکہ صاف شفاف الیکشن کے ذریعے ملک کی بھاگ دوڑ آئندہ منتخب حکومت کے سپرد کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چوری کو روکنے اور ریکوری اہداف حاصل کرنے میں واپڈا اور پاور سیکٹر کے تمام کارکنوں اور انجینئرز نے دن رات محنت کرکے کام کیا ہے۔ صوبہ بلوچستان مخدوش سیاسی حالات کے باوجود کیسکو کے انجینئرز ، آفیسرزاور اہلکاران نگراں حکومت کی ٹارگٹ کو حاصل کرنے کیلئے بہتر طور پر کام کیا ہے اور اس کام کو مزید بہتر بنانے کیلئے ہم سب کو ایمانداری اور محنت سے کام کرنا چاہیے تاکہ ہمارا ملک معاشی طور پر استحکام حاصل کر سکے۔ انہوں نے سی بی اے یونین رہنماﺅں کی طرف سے کیے جانے والے اس عہد کی کہ وہ نگراں حکومت کے وژن کے مطابق بجلی چوری کی روک تھام اور ریکوری اہداف کو حاصل کرنے کیلئے اپنی کوششیں ایمانداری اور محنت سے مزید تیز کریں گے یہ ایک خوش آئند عہد ہے اور اس طرح سے ہم اپنے معاشی اہداف حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے سی بی اے یو نین کی طرف سے بتائے گئے بنیادی انسانی حقوق پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے وعدہ کیا کہ وہ نگراں وزیر اعظم کوانجینئرز اور واپڈا کے مزدوروں کے مسائل سے آگاہ کریں گے اورسی بی اے یونین کو یقین دلایا کہ مزدوروں کے تمام جائزمسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے ۔ انہوں نے یونین کے صوبائی سربراہ محمد رمضان اچکزئی اور ان کے ساتھیوں کو کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد پیش کیا اور کہا کہ مزدوروں کے ساتھ ان کا رشتہ دہائیوں سے برقرار ہے اور آج اس ایمرجنسی کال پر آپ کی خدمت میں حاضر ہو چکا ہوں اور مستقبل میں مزدوروں کے مسائل کے حل کو اپنے مشن کے طور پراولین ترجیح دوں گا۔

سرفراز بگٹی

مزید :

صفحہ اول -