موٹروے پولیس نے ایمانداری کی اعلی مثال قائم کر دی

موٹروے پولیس نے ایمانداری کی اعلی مثال قائم کر دی
موٹروے پولیس نے ایمانداری کی اعلی مثال قائم کر دی
سورس: File Photo

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(آئی این پی)موٹروے پولیس نے ایمانداری کی اعلی مثال قائم کر دی۔ پردیس سے لوٹنے والے پاکستانی مسافر کا لاکھوں روپے کا گمشدہ سامان تلاش کر کے مسافر کے حوالے کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق دو روز قبل ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھنے والا پاکستانی مسافر جو کہ ذریعہ معاش کی کے سلسلے میں سعودی عرب میں مقیم تھا چھٹیاں گزارنے پاکستان ، اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچا جہاں سے اس نے اپنے آبائی علاقہ بذریعہ موٹروے ایم 14 سفر کا آغاز کیا لیکن راستے میں اس کا ایک بیگ موٹروے پر گر گیا جس میں کل ملا کر 04 لاکھ روپے کا سامان موجود تھا۔سامان میں قیمتی گھڑیاں ، کاسمیٹکس اور الیکٹرانک سامان شامل تھے۔ دوران پیٹرولنگ موٹروے پولیس کی ٹیم کو یہ گمشدہ بیگ ملا۔ موٹروے پولیس کی جانب سے انتظار کیا گیا کہ کوئی شخص بیگ سے متعلق رابطہ کرے لیکن کسی شخص نے رابطہ نہیں کیا۔

اس صورتحال میں موٹروے پولیس نے دیگر ذرائع جن میں خصوصی طور پر سوشل میڈیا شامل ہے  بروئے کار لاتے ہوئے بیگ کی گمشدگی کی اطلاع زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچائی۔یہ ترکیب کارگر ثابت ہوئی اور مسافر نے گمشدہ بیگ سے متعلق موٹروے پولیس سے رابطہ کیا۔مسافر کے سفری دستاویزات اور بیگ پر موجود سٹیکرز سے گمشدہ بیگ کے مالک کی تصدیق ہو گئی اور گمشدہ بیگ مالک کے حوالے کر دیا گیا۔ موٹروے پولیس کی اس کاوش کو سراتے ہوئے بیگ کے مالک نے موٹروے پولیس کا شکریہ ادا کیا۔