پہلی زلمی وومن کرکٹ لیگ کا پشاور میں رنگا رنگ آغاز ہوگیا
پشاور (ویب ڈیسک) پشاور کے حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں پہلی زلمی وومن کرکٹ لیگ کا رنگا رنگ آغاز ہو گیا ،ہائی ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور زلمی فاؤنڈیشن کے اشتراک سے ہونے والی لیگ کے پہلے روز تین میچز کھیلے گئے۔
باضابطہ افتتاح صوبائی وزیر کھیل سید فخر جہاں اور صوبائی وزیر تعلیم مینا خان آفریدی نے کیا ان کے ہمراہ صوبائی وزیر جیل خانہ جات ہمایون خان اور صوبائی وزیر پختون یار خان ،پشاور زلمی کے ڈائریکٹر محمد اکرام،سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن کامران آفریدی سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔
زلمی وومن کرکٹ لیگ ہائی ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، حکومت خیبرپختونخوا اور زلمی فاو نڈیشن کے اشتراک سے منعقد کی جا رہی ہے ، افتتاحی میچ میں ہزرہ نے بنوں کو تیس رنز جبکہ دوسرے میچ میں پشاور نے مردان کو چھ رنز سے شکست دی ،پشاور اور ہزارہ کے درمیان تیسرا میچ خراب روشنی کے باعث روک دیا گیادونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیا گیا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر برائے ہائیر ایجوکیشن مینا خان آفریدی نے کہا کہ پشاور زلمی نے صوبے کے ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے کے لئے ہمیشہ تعاون کیا ہے اور امید ہے کہ اس طرح سرگرمیوں کا مستقبل میں بھی انعقاد کیا جائے گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے کھیل و امور نوجوانان سید فخر جہان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کے کھلاڑیوں کے لئے اس طرح کے میلے کا انعقاد کرنے پر پشاور زلمی کے مشکور ہیں حالات جیسے بھی ہو صوبائی حکومت کھلاڑیوں کو کھیلنے کے مواقع فراہم کرتی رہے گی۔
سکریٹری ہائیر ایجوکیشن کامران آفریدی نے فرمایا کہ میں یہاں موجود ہر ایک کھلاڑی، کوچ، اور اس پورے ایونٹ سے وابستہ ہر فرد کی کاوشوں کو میں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ہماری یونیورسٹیز اور کالجز صرف تعلیم کے ادارے نہیں ہیں، بلکہ یہاں صلاحیتوں کی پرورش ہوتی ہے۔ اور آج ہم دیکھ رہے ہیں کہ ہماری خواتین اس میدان میں بھی اپنی صلاحیتیں ثابت کر رہی ہیں۔
اس لیگ کا انعقاد صرف ایک کھیل کا مقابلہ نہیں ہے، بلکہ یہ ایک تحریک ہے۔ یہ تحریک ہے ہماری خواتین کو آگے لانے کی، انہیں موقع فراہم کرنے کی، تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو نکھار سکیں۔ آج کا دن ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ ہماری خواتین ہر میدان میں مردوں کے برابر ہیں، بلکہ کئی میدانوں میں ان سے آگے ہیں۔ آئیے ہم انہیں ہر ممکن حوصلہ افزائی کریں۔
پشاور زلمی کے ڈائریکٹر کرکٹ محمد اکرم نے کہا کہ انہیں بہت خوشی ہے کہ زلمی وومن کرکٹ لیگ کا میلہ پشاور میں شروع ہو گیا خیبر پختون خواہ سے مینز کرکٹ کا بہت ٹیلنٹ سامنے آیا ہے امید ہے اس لیگ سے وومن کرکٹ کا بھی بہترین ٹیلنٹ دیکھنے کو ملے گا ۔محمد اکرم نے کہا کہ پشاور زلمی اور زلمی فاؤنڈیشن کے چیئرمین جاوید آفریدی کا مشن ہے کہ وہ پشاور کے نوجوانوں کو صحت مندانہ سرگرمیاں فراہم کرتے رہیں گے ۔انہوں نے تعاون کرنے پر خیبر پختون خواہ حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا۔