اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ کی تمام مقدمات میں حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔
نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں سلمان اکرم راجہ کیخلاف کیسز کی تفصیلات فراہمی کی درخواست پر سماعت ہوئی،اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں مقدمات کی تفصیلات عدالت میں پیش کردی گئی،پولیس رپورٹ کے مطابق سلمان اکرم راجہ کیخلاف اسلام آباد میں 10مقدمات درج ہیں،سلمان اکرم راجہ کیخلاف لاہور میں 6،اٹک میں 2مقدمات درج ہیں،وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ عدالت ہمیں متعلقہ عدالتوں میں جانے کیلئے مزید وقت دے،چیف جسٹس ہائیکورٹ نے کہاکہ آپ کی اس درخواست میں صرف مقدمات کی تفصیلات تک کی استدعا ہے،آپ حفاظتی ضمانت کیلئے درخواست دائر کردیں،وکیل نے کہاکہ آپ حفاظتی ضمانت دے دیں ہم متعلقہ عدالت میں پیش ہو جائیں گے،عدالت نے حفاظتی ضمانت کی استدعا منظور کرتے ہوئے عدالتوں میں پیش ہونے کی ہدایت کردی،اسلام آباد ہائیکورٹ نے تمام مقدمات میں حفاظتی ضمانت منظور کرلی،سلمان اکرم راجہ کی ہر مقدمے میں 10،10ہزار روپے مچلکوں کے عوض حفاظتی ضمانت منظورکی گئی۔