لاہورچیمبر لیبرڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے میڈان پنجاب نمائش منعقد کریگا
لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری چوبیس سے چھبیس اپریل تک منعقد ہونے والی ساﺅتھ ایشیاءلیبر کانفرنس کے موقع پر لیبر ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے میڈ ان پنجاب نمائش منعقد کرے گا۔ اس پر اتفاق رائے لاہور چیمبر کے صدر انجینئر سہیل لاشاری اور صوبائی سیکریٹری لیبر کیپٹن(ر) محمد یوسف کے درمیان لاہور چیمبر میں ہونے والی ایک ملاقات کے موقع پر ہوا۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر میاں طارق مصباح، نائب صدر کاشف انور، سابق سینئر نائب صدر ملک طاہر جاوید اور کمشنر پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن فرحان عزیز خواجہ نے بھی اس موقع پر خطاب کیا جبکہ لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی اراکین میاں زاہد جاوید احمد، محمد افضل، ظفر محمود اور محمد ہارون اروڑہ بھی اجلاس میں موجود تھے۔ انجینئر سہیل لاشاری اور کیپٹن (ر) محمد یوسف نے کہا کہ ساﺅتھ ایشیاءلیبر کانفرنس 2014ءتاجروں کے لیے اپنی صلاحیتوں اور خوبیوں کے اظہار کا بہترین موقع ہوگی کیونکہ سات سو کے لگ بھگ غیر ملکی اور مقامی لوگ کانفرنس اور نمائش میں حصہ لیں گے۔ انہوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ لاہور چیمبر اور پنجاب لیبر ڈیپارٹمنٹ لیبر کانفرنس اور نمائش کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے مل کر کام کریں گے، ان ایونٹس کے لیے دونوں اطراف نے اپنی فوکل شخصیات بھی مقرر کیں جو رابطے میں رہیں گی۔ ساﺅتھ ایشیاءلیبر کانفرنس کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے سیکریٹری لیبر نے کہا کہ کانفرنس سارک ممالک کی لیبر آرگنائزیشنز کے مابین تعاون کو فروغ دینے میں مددگار ہوگی بلکہ یہ پاکستانی آجر اور اجیر کے درمیان تعلقات بھی مستحکم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ چین اور ترکی کے سفیروں سمیت بہت سے ڈپلومیٹس بھی ساﺅتھ ایشیاءلیبر کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں بہت سے ٹیکنیکل سیشنز ہونگے جن سے یورپین یونین، انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن اور سارک کے وفود خطاب کریں گے، ماہرین کی آراءکی سفارشات کی روشنی میں لیبر پالیسی کو حتمی شکل دی جائے گی جو یکم مئی 2014ءکو پیش کی جارہی ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لاہور چیمبر کے صدر انجینئر سہیل لاشاری نے ایسا میگا ایونٹ منعقد کرنے پر پنجاب حکومت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر اپنے ممبران کو کانفرنس اور نمائش میں شرکت کی ترغیب دے گا تاکہ وہ اس سے بھرپور فائدہ اٹھاسکیں۔ انہوں نے لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر اور لاہور چیمبر کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے لیبر کے چیئرمین کو کانفرنس کے لیے فوکل پرسن مقرر کیا۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ ایک بڑی تعداد میں غیر ملکی ساﺅتھ ایشیاءلیبر کانفرنس میں حصہ لے رہے ہیں لہذا لاہور چیمبر کانفرنس یا نمائش کے ساتھ ساتھ بزنس ٹو بزنس میٹنگز بھی منعقد کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پنجاب حکومت کا بڑا اہم قدم ہے جس سے غیرملکی سرمایہ کاری اور برآمدات کو فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ تین روزہ کانفرنس غیرملکی تاجروں کو یہ جائزہ لینے کا موقع فراہم کرے گی کہ پاکستانی تاجر عالمی معیارات سے کس حد تک ہم آہنگ ہیں۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر میاں طارق مصباح نے اپنے خطاب میں کہا کہ لاہور چیمبر کانفرنس اور نمائش کے کامیاب انعقاد کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گا۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر کاشف انور نے کہا کہ ہم بہترین قوم ہیں ، عالمی معیارات سے ہم آہنگ ہیں اور ہماری مصنوعات معیار کے حوالے سے بہترین ہیں لیکن ہم ان کو موثر طریقے سے متعارف نہیں کراسکے۔ یہ بہترین وقت ہے کہ دنیا کو پاکستانی مصنوعات کے بہترین معیار سے آگاہ کیا جائے۔