رضاکارانہ ٹیکس سکیم ، تاجر معمولی شرح سے ٹیکس ادا کر کے فائدہ اٹھا سکتے ہیں‘ تسنیم رحمان

رضاکارانہ ٹیکس سکیم ، تاجر معمولی شرح سے ٹیکس ادا کر کے فائدہ اٹھا سکتے ہیں‘ ...

لاہور( این این آئی)چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو ریجنل ٹیکس آفس لاہور مس تسنیم رحمان نے کہا ہے کہ رضاکارانہ ٹیکس سکیم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والے تاجروں کے لئے ٹیکس دائرہ کارمیں شامل ہونے کا سنہری موقع ہے، تاجر معمولی شرح سے ٹیکس ادا کر کے اس سکیم سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ان لینڈ ریونیو آفس میں تاجر رہنماوں کے ساتھ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر کمشنر ایچ آر ایم محمد احمد ، کمشنران لینڈ ریونیو زون 6ریجنل ٹیکس آفس لاہور سید محمود حسین جعفری ،آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی ،لاہور کے صدر میاں طارق فیروز ،فنانس سیکرٹری لاہور نعیم بادشاہ سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔مس تسنیم رحمان نے نے کہا کہ اس سکیم سے فائدہ اٹھانے والے تاجر وں کا نام انکم ٹیکس اے ٹی ایل کی لسٹ میں شامل ہو جائے گا جس کی بناء پر ان کے ٹیکس ریٹس میں خاطر خواہ کمی ہو جائے گی مثلاً گاڑی کی خریداری پر ، جائیداد کی خریداری پر اور بینک ٹرانزیکشن پر ، تاجربرادری کو یہ بھی آگاہ کیا گیا کہ اس سکیم سے فائدہ اٹھانے والے حضرات کا چار سال تک انکم ٹیکس آڈٹ نہیں ہوگا اور ان کو ویلتھ سٹیٹمنٹ جمع کرانے سے مستثنیٰ قرار دیا جائے گا۔ تاجررہنماوں نے اس رضاکارانہ سکیم کو خوش آئند قرار دیااور عہد کیا کہ وہ اس سکیم سے بھر پور فائدہ اٹھائیں گے اور اس سکیم کو کامیاب بنائینگے ۔

مزید : کامرس