دھرنا سیاست کرنے والے ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں ،عبدالباسط

دھرنا سیاست کرنے والے ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں ،عبدالباسط

لاہور(کامرس رپورٹر)پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اینڈ ٹریڈ کے چیئرمین عبدالباسط نے کہا ہے کہ ڈی چوک اسلام آباد کو احتجاجی پروگراموں کا مرکز بنانے سے ملکی معیشت اور بیرونی سرمایہ کاری پر شدید منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ایک بار پھر کنٹینر کھڑے کرکے عوام کو ورغلانے والے ملک میں اقتصادی ترقی اور بیرونی سرمایہ کاری کو روکنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حب الوطنی اور عوام سے خیر خواہی کا تقاضا ہے کہ معاشرے کے تمام طبقات ملک میں یکجہتی کا ماحول پیدا کریں۔ جب بھی حکومت کسی تعمیراتی اور ترقیاتی منصوبے پر کام کا آغاز کرتی ہے تو دھرنا سیاست کرنے والے بلا جواز تنقید اور افراتفری پیدا کرکے ماحول خراب کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

اس طرح نہ ملک میں خوشحالی آ سکتی ہے اور نہ ہی عوام کے مسائل حل ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے بھی اس طرح کی سیاست کرنے والوں نے کئی ماہ تک اسلام آباد میں کنٹینر کھڑے کرکے احتجاج کیا جس سے ملک کی معاشی سرگرمیوں پر شدید منفی اثرات مرتب ہوئے، چین کے صدر نے اسلام آباد پہنچ کر 46 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط کرنا تھے جو ان کی وجہ سے کئی ماہ تاخیر کا شکار ہو گئے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر بروقت چینی سرمایہ کاری ہو جاتی تو اب تک چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبوں پر خاصی پیش رفت ہو چکی ہوتی۔ انہوں نے احتجاج کرنے والے سیاست دانوں پر زور دیا کہ اسلام آباد کے وی آئی پی مقامات پر افراتفری پیدا کرنے والے پروگراموں سے اجتناب کیا جائے تاکہ اقتصادی سرگرمیوں میں رکاوٹ پیدا نہ ہو۔

مزید : کامرس