سپر لیگ کا آغاز،پاکستان کی کرکٹ فضا میں ایک خوشگوار جھونکا
دیر آید درست آید، بالاخر پاکستان کرکٹ بورڈ کی محنت رنگ لے آئی اور پاکستان سپر لیگ کا آغاز آج سے دبئی کی کرکٹ گراؤنڈز میں شروع ہونے جا رہا ہے جس میں نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دُنیا کی مختلف ٹیموں سے تعلق رکھنے والے نامور کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے اور اپنی اپنی ٹیموں کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے ۔ سپر لیگ میں پانچ ٹیمیں شرکت کررہی ہیں اور ہر ٹیم میں موجود کھلاڑیوں کی یہ کوشش ہو گی کہ وہ اس لیگ کی ٹرافی کے حق دار ٹھہریں۔ اب شائقین کرکٹ کو دلچسپ اور اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو بھرپور ایکشن میں دیکھنے کا موقع ملے گا۔اگر پاکستانی عوام اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی بات کی جائے تو اس موقع پر ان کی تعریف کرنا بے جا نہ ہو گا تین سال سے التواء کا شکار یہ لیگ اب کامیابی سے شروع ہونے والی ہے اور اس کا کریڈٹ جہاں پی سی بی کے چیئرمین شہر یار خان کو جاتا ہے اسی طرح نجم سیٹھی بھی اس تعریف کے حق دارہیں انہوں نے اس حوالے سے ہمیشہ اپنا بھرپورموقف پیش کیا اور اس لیگ کو پاکستان اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے لئے بہت سودمند ثابت کیا۔ یہ سچ ہے کہ اس لیگ کے کئی مخالف بھی اب اس کے حق میں ہو گئے ہیں۔ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کے لئے یہ لیگ کتنا فائدہ دے گی اس بات کا تو فیصلہ اس لیگ کے بعد ہی ہوگا۔پی سی بی کے لئے ایک بہت بڑے اعزاز کی بات ہے او ر یقینی طور پر اس لیگ سے پاکستان میں موجود کرکٹ میں ٹیلنٹ کو بھی منظر عام پر آنے کا موقع ملے گا۔ دبئی میں ا س لیگ کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہے ۔افتتاحی میچ سے لے کر ایونٹ کے آخری میچ تک امید ہے کہ شائقین لطف اندوز ہوں گے ۔دیگر لیگز کی نسبت اس لیگ کویقینی طور پر زیادہ پذیرائی ملے گی اور اس کو مدتوں یاد رکھا جائے گا۔