زکوٰۃ فنڈ سے ایک ارب45کروڑ سے زائد کی دوسری ششماہی قسط جاری

زکوٰۃ فنڈ سے ایک ارب45کروڑ سے زائد کی دوسری ششماہی قسط جاری

لاہور(اپنے خبر نگار سے)صوبائی وزیر زکوٰۃ و عشر ملک ندیم کامران نے کہا ہے کہ سال2015-16کیلئے مستحقین کو گزارہ الاؤنس،تعلیمی ادارہ جات ، دینی مدارس، ہیلتھ کیئر، شادی گرانٹ، تعلیمی وظائف فنی اور صوبائی سطح کے ہسپتالوں کیلئے زکوٰۃ فنڈ سے دوسری ششماہی قسط کے طور پر ایک ارب45کروڑ 32لاکھ 18ہزار روپے کا اجرا کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بات اسمبلی چیمبرز میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہاکہ دوسری ششماہی قسط کے طور پر گزارہ الاؤنس کی مد میں 58کروڑ 8لاکھ 3ہزارر وپے کا اجراء کردیا گیا ہے جس سے ایک لاکھ سے زائد مستحقین مستفید ہوں گے جبکہ کالجوں و یونیورسٹیوں کے مستحق طلباء و طالبات کیلئے 4کروڑ 6لاکھ 4ہزار روپے جاری کئے گئے ہیں جس سے 10ہزارسے زائد مستحق طلبا و طالبات مستفید ہوں گے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ مدارس کے مستحق طلباء و طالبات کو وظائف کی مد میں 4کروڑ 6لاکھ 4ہزار روپے جس سے 30ہزارسے زائدمستحق طلبا و طالبات اور تحصیل و ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں مستحق مریضوں کے مفت علاج معالجہ کیلئے ہیلتھ کیئر کی مد میں 3کروڑ 69لاکھ 12 ہزار روپے جار ی کئے گئے ہیں جس سے 20ہزارمستحق مریضوں کو علاج ومعالجہ کی سہولیات میسر آ سکیں گی ۔ انہوں نے کہاکہ نادار اور مستحق بچیوں کو شادی گرانٹ 20ہزار روپے فی کس کی مد میں 4کروڑ 42لاکھ 95ہزار روپے کا اجراء کیا گیا ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1