حکمران ملی یکجہتی کونسل کے مطالبات پر عمل کریں ،مولانا عبدالستارنورانی

حکمران ملی یکجہتی کونسل کے مطالبات پر عمل کریں ،مولانا عبدالستارنورانی

لاہور(پ ر)جمعیت علماء پاکستان نورانی کے مرکزی رہنماء حضرت علامہ مولانا پیر محمد عبدالستار نورانی خلیفہ مجازآستانہ عالیہ رتہ شریف نے کہا ہے کہ حکمران ملی یکجہتی کونسل کے مطالبات پر عمل کریں کیونکہ ملی یکجہتی کونسل وطن عزیز کی تمام مسالک کی سیاسی اور غیر سیاسی جماعتوں پر مشتمل اتحاد ہے جو کہ اتحاد امت کا آئینہ دار ہے اس اتحاد میں شامل تمام جماعتوں کے سربراہان نے جو مطالبات حکومت کے سامنے رکھے ہیں وہ ہر مسلمان کے دل کی آواز ہیں اور چونکہ پاکستان اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا ہے اس لئے علماء نے یاددہانی کے طور پر اپنا فریضہ ادا کر دیاہے۔

سود ایک بہت بڑی لعنت اور گناہ کبیرہ ہے اس لئے پاکستان میں سودی نظام کو ختم کیا جائے علماء کرام کو بے جا حراساں کرنا بند کیا جائے اور نیشنل ایکشن پلان پر عمل کیا جائے اور ملک میں موجود قوانین کو قابل عمل بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسالک کے جید علماء نے متفقہ طور پر ممتاز حسین قادری کی رہائی کا مطالبہ کردیا ہے جس سے یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ ممتاز قادری تمام مسلک کے نزدیک بے گناہ ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1