قومی اداروں کی نجکاری ملکی و قومی مفاد میں نہیں ہے،میاں مقصود احمد

قومی اداروں کی نجکاری ملکی و قومی مفاد میں نہیں ہے،میاں مقصود احمد

لاہور(نمائندہ خصوصی)امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ قومی اداروں کی نجکاری ملکی وقومی مفاد نہیں ہے،حکومت پی آئی اے سمیت دیگر سرکاری اداروں کی نجکاری کے فیصلے کوفوری واپس لے۔انہوں نے کہاکہ کراچی میں پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے پُرامن احتجاج پر فائرنگ اور تین افراد کی شہادت کے واقعہ کی جوڈیشل تحقیقات کروائی جائیں تاکہ اصل حقائق قوم کے سامنے آسکیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کو سانحہ ماڈل ٹاؤن سے سبق حاصل کرنا چاہئے تھا،کراچی میں پی آئی اے کے پُر امن مظاہرین پرتشدد نے آمریت کی یاد تازہ کردی ہے ۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی 5فروری یوم یکجہتی کشمیر بھرپورانداز میں منائے گی۔

اس حوالے سے تمام اضلاع پوری طرح سرگرم عمل ہیں۔کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اسے حاصل کرنے کی جدوجہد سے ہم کبھی دستبردار نہیں ہوں گے۔ہندوستان نے68برسوں سے اس پر غاصبانہ قبضہ کیا ہواہے جسے ایک لمحے کے لئے بھی کشمیریوں نے قبول نہیں کیا۔جماعت اسلامی اور پاکستان کے 18 کروڑ عوام کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ عالمی برادری ،انسانی حقوق کی علمبردار تنظیمیں اور اقوام متحدہ جموں وکشمیر میں8لاکھ بھارتی افواج کے مظالم کانوٹس لے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1