عوام نے موجودہ حکومت کو مسترد کر دیا ہے ،سعدیہ سہیل رانا
لاہور(لیڈی رپورٹر) تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے کہا ہے کہ مسلم لیگ( ن )کی حکومت عام لوگوں کی لاشوں پر قائم ہے جو کسی بھی وقت زمین بوس ہو جائے گی۔ حکمران اپنی ضد کے آگے لوگوں کو مارنے سے بھی گریز نہیں کر رہے۔
ماڈل ٹاؤن واقعہ سے سبق سیکھنے کی بجائے اب پی آئی اے کے ملازمین کو اپنے ظلم کا نشانہ بنانا جا رہا ہے اپنے آفس میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام نے موجودہ حکومت کو مسترد کر دیا ہے ۔مسلم لیگ( ن) کی حکومت مرکز میں قومی اداروں کی نج کاری پر بضد ہے تو دوسری طرف پنجاب حکومت اورنج ٹرین منصوبے کے ذریعے عام آدمی کا استحصال جاری کئے ہوئے ہے۔ لوگوں سے گھر اور کاروبار چھینا جا رہا ہے انہوں نے مزید کہا کہ حکمرانوں نے اقتدار کے نشے میں ظلم کی انتہا کر دی ہے ۔