عثمان خالد بٹ اور عینی جعفری فلم ’بالو ماہی‘ کے مرکزی کردار میں کاسٹ

عثمان خالد بٹ اور عینی جعفری فلم ’بالو ماہی‘ کے مرکزی کردار میں کاسٹ

لاہور(فلم رپورٹر)ڈرامہ سیریل ’دیار دل‘ میں ولی کے کردار سے شہرت پانے والے خوبرو اداکار عثمان خالد بٹ اور ماڈل و اداکارہ عینی جعفری کو نئی فیچر فلم ’ بالو ماہی‘ میں مرکزی کردارکے لئے کاسٹ کر لیا گیا ہے۔ فلم ’بالو ماہی‘ کے ڈاریکٹر حیسم حسین ہوں گے جو اس سے قبل داستان‘ در شہسوار اور عون زارا جیسے شہکار ڈراموں کی ہدایات دے چکے ہیں جبکہ یہ پیشکش سعدیہ جبار کی ہے ۔پچھلے کئی ماہ سے فلم کے مرکزی کرداروں کے بارے قیاس آرائیاں جاری تھی جبکہ سوشل میڈیا پر اس حوالے سے لوگ اپنے پسندیدہ اداکاروں کے نام بھی اس فلم کے مرکزی کرداروں کے تجویز کر رہے تھے جن میں صنم بلوچ اور میکال ذوالفقار‘ فواد خان اور ماہر ہ خان‘ علی ظفر اور حمائمہ ملک اور عثمان خالد بٹ اور مایا علی کے نام سر فہرست تھے لیکن ڈاریکٹر نے عثمان خالد بٹ کے ساتھ مرکزی کردار کے لئے عینی جعفری کو فائنل کر دیا

جو اس سے قبل اینیمنٹڈ فلم ’برقعہ اوینجرز‘ میں صداکاری کر چکی ہے اور پچھلے ماہ لندن میں بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور کے ساتھ بھی دیکھی گئی تھی۔ فلم بالو ماہی کے ساتھ پاکستانی فلمی صنعت کے کئی نامور وابستہ ہیں جن میں موسیقار ساحر علی بگا اس فلم کی موسیقی ترتیب دیں گے جبکہ فلم کے ڈایکٹر آف فوٹوگرافی کے فرائض سلیم داد دیں گے جنھوں نے سپرہٹ فلم ’ جوانی پھر نہیں آنی‘ کے لئے بھی اسی شعبے میں خدما ت انجام دی تھی۔ 2007سے شروع ہونے پاکستانی فلمی صنعت کے دوسرے باب کے لئے گزشتہ سال انتہائی اہم تھا جس میں نمائش کے لئے پیش کی جانے والی فلموں کے تعدادگزشتہ برسوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ تھی اور اس سال کا آغاز بھی کئی نئی فلموں کے اعلانات کے ساتھ فلمی صنعت کے لئے انتہائی خوش آئیند ہے ۔ فلم ’بالو ماہی‘ کی ریکارڈنگ کا آغاز جنوری 2016میں ہوگا اور یہ فلم رومانوی اور کامیڈی فلموں کے شائقین کے ایک زبردست تحفہ ثابت ہوگی۔

مزید : کلچر